کراچی (این این آئی) پاکستان سے 400 ٹن آم کی پہلی کھیپ مڈل ایسٹ اوریورپ ایکسپورٹ کردی گئی، رواں سال پاکستان سے مختلف ممالک کو 6 کروڑ ڈالر سے زائدمالیت کا ایک لاکھ 75 ہزار ٹن آم برآمد کا ہدف مقرر کیا گیا۔ وفاقی وزارت تجارت نے آم کی برآمدات شروع کرنے کےلئے 25 مئی کی تاریخ مقرر کی تھی، اس سال آم کی پیداوار 15.5 لاکھ ٹن رہنے کا اندازہ ہے جبکہ گزشتہ سال پیداوار 10 لاکھ ٹن تک رہی تھی، 400 ٹن آم کی پہلی کنسائمنٹ پاکستان سے گزشتہ روز روانہ کر دی گئی، اس میں سے 70 فیصد آم سمندری راستے سے جبکہ30 فیصد فضائی راستے سے بھیجا گیا۔ آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹبل امپورٹرز ایکسپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین وحید احمدنے بتایا کہ آم کی پہلی کھیپ سعودی عرب، عمان، قطر،کویت، بحرین اور متحدہ عرب امارات، برطانیہ،جرمنی کو بھیجی گئی۔ ماہرین کے مطابق رواں سیزن کے دوران موسمی حالات ٹھیک رہے اور آم کی برآمد کے لیے شپنگ کمپنیوں، فضائی کمپنیوں، اینٹی نارکوٹکس فورس اور کسٹمز کی جانب سے تعاون حاصل رہا تو ایک لاکھ75 ہزار ٹن آم کی برآمد کا ہدف باآسانی حاصل کرلیا جائے گا، اس سال سندھ میں موسمی اثرات کی وجہ سے سندھ کی پیداوار25 فیصد تک کم رہنے کی توقع ہے جس سے صرف سندھ میں آم کی پیداوار 1.5 لاکھ ٹن تک کم رہے گی۔