کراچی (این این آئی) سابق حکومت نے گذشتہ گیارہ ماہ میں ملک میں انتیس لاکھ گیس کے کنکشن فراہم کیے جس سے ملک میں گیس کی قلت پیدا ہوئی۔ یہ بات سی این جی ایسوسی ایشن کے رہنما ملک خدا بخش نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں غیر معیاری سلینڈرزوالی بسوں میں سی این جی بھرنے والے فلنگ سٹیشنز کو اوگرا وارننگ لیٹر جاری کرچکی ہے اگر کسی فلنگ سٹیشن نے غیر معیاری سلنڈر والی گاڑی میں گیس بھرنے کی کوشش کی تو اس کیخلاف اوگرا کارروائی کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکومت نے سوچی سمجھی سکیم کے تحت ملک میں سی این جی سیکٹرز کو ختم کرنے کی سازش کی۔ ایل پی جی سیکٹرز کو بڑفروغ دینے کیلئے سی این جی سیکٹرز کو ختم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں چار ارب بیالیس کروڑ ایم ایم سی ایف ڈی کی پیداوار ہے،جو ملکی ضرورت کے لیے کافی ہے۔