لاہور (خبر نگار) اتوار بازاروں میں قیمتوں میں ملاجلا رجحان رہا۔ پھلوں کی قیمتوں میں کوئی کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔ البتہ سبزیوں کی قیمتوں میں زیادہ تر کمی ہوئی۔ تاہم گرمی کی شدت کے باعث زیادہ استعمال ہونے والے لیموں کی قیمت میں 30روپے اضافہ ہوگیا اور لیموں 200 روپے کلو فروخت ہوا۔ مگر لیموں اتوار بازاروں میں بہت کم دستیاب تھا اور بہت چھوٹے چھوٹے لیموں 200 روپے کلو فروخت ہوتے رہے۔ سخت گرمی کے باوجود اتوار بازاروں میں رش رہا۔ اتوار بازار انتظامیہ نے ٹھنڈے پانی کے کولروں کا اضافہ کیا۔ مگر ٹھنڈے مشروبات بھی فروخت ہوتے رہے۔ اتوار بازاروں میں اروی 5 روپے اضافے کے بعد 70 روپے، مٹر 5 روپے اضافہ سے 80 روپے، بند گوبھی 5 روپے اضافے سے 25 روپے، پالک 4 روپے اضافہ سے 12 روپے، آلو دو روپے اضافہ سے 22 روپے، بینگن ایک روپیہ اضافہ سے 25 روپے، پیاز دو روپے اضافے سے 32 روپے کلو ہوگئے۔ جبکہ ٹماٹر 5 روپے کمی سے 35، لہسن چائنہ 10 روپے کمی سے 35، لہسن دیسی 75، ادراک چائنہ 100، کھیرا فارمی 15 ، کھیرا دیسی 7 روپے کمی سے 28، پھول گوبھی 30، ٹینڈیاں 24، ٹینڈے کالے 10 ورپے کمی سے 50، ٹینڈے سفید 5 روپے کمی سے 30، کریلے 10 روپے کمی سے 40، گھیا کدو 5 روپے کمی سے 25، گھیا توری 10 روپے کمی سے 30، شملہ مرچ 40، سبز مرچ 5 روپے کمی سے 45، گاجر چائنہ 15 ، مولی 8، میتھی دو روپے کمی سے 28، بھنڈی 50، حلوہ کدو 8، کچا آم 20 روپے کلو فروخت ہوا۔ پھلوں میں صرف سندھ کا آدھا پکا آم، درجہ سوم کے آڑو، چھوٹے چھوٹے کیلے، کولڈ سٹوریج کے کینو اور سیب بھی بازاروں میں موجود تھے۔ خربوے گلے سڑے اور پھر بھی مہنگے تھے۔ جبکہ تربوز بھی 2 سے 3 کلو وزن کا ہی دستیاب تھا۔ لوکاٹ بازار میں موجود نہیں تھی۔ خوبانی بھی دستیاب نہیں تھی اور جہاں دستیاب تھی وہاں گلی سڑی تھی۔