اسلام آباد (این این آئی) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے ترقی کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو توجہ دینا ضروری ہے اور اسکے صحیح استعمال سے غربت میں کمی معاشرے اور معیشت میں انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔پاکستان بہت سے مسائل سے چھٹکارہ پانے اورتیز رفتار ترقی کو یقینی بنانے کے لئے آئی ٹی کے استعمال پر زور دے۔پالیسی ساز آئی ٹی کے اہمیت کو سمجھیں اورآنے والی حکومت آن لائن تعلیم کے سلسلے کو خصوصی توجہ دے تاکہ لاکھوں طلبہ کی استعداد بہتر بنا کر انکا مستقبل سنورا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ممالک نے آئی ٹی کی مدد سے ترقی کے منزل تیزی سے طے کی اور اپنی عوام کی حالت بدل ڈالی ہے مگر ہم اس دوڑمیں پیچھے رہ گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کاروباری خواتین کی اکثریت مارکیٹ تک رسائی نہیں رکھتی جو آئی ٹی کے استعمال سے نہ صرف نئی منڈیاں اور گاہک تلاش کر سکتی ہیں بلکہ دیگر مسائل پر بھی قابو پا سکتی ہیں۔بڑے شہروں میں سڑکوں پر وڈیو کیمرے لگانے سے ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے جبکہ سوشل نیٹ ورکنگ کی مدد سے کمپنیاں اپنے ملازمین کو براہ راست رابطہ کے زریعے رہنمائی اور تربیت فراہم کر سکتی ہیں۔ڈاکٹر مغل نے کہا کہ آنے والی حکومت تمام امکانات کا جائزہ لے کر آئی ٹی کے زریعے عوام کی خدمت کرے تاکہ عوامی اعتما د کا حق ادا کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صدی کی چمک دمک بڑی حد تک آئی ٹی سے مشروط ہے جس میں ہم پیچھے رہ گئے ہیں۔