نقاب پوش ڈاکو اہلخانہ کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے کے زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ڈکیتی و چوری کی وارداتوں کے دوران شہری نقدی، طلائی زیورات، موبائل فونز، موٹر سائیکلوں، کار اور دیگر قیمتی سامان سے محروم ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق دھلے کے علاقہ راجکوٹ کے رہائشی عرفان کے گھر دن دیہاڑے دو نقاب پوش ڈاکو زبردستی اندر داخل ہوئے جنہوں نے گن پوائنٹ پر گھر میں موجود خواتین کو یرغمال بنا کر ایک کمرے میں بند کردیا جبکہ سیف الماری میں پڑے ہوئے بھاری مالیت کے طلائی زیورات اور ایک لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ اسی تھانے کے علاقہ شیلٹن روڈ کے قریب دو ڈاکوﺅں نے وہاں سے گزرنے والے موٹر سائیکل سوار عمیر اور اس کی بیوی کو روک کر انہیں اسلحہ کی نوک پر چار ہزار روپے نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون سے محروم کردیا جبکہ اسی تھانے کے علقہ بسم اللہ چوک میں دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوﺅں نے عبدالغفور نامی شخص سے گن پوائنٹ پر 24 ہزار روپے نقدی اور قیمتی موبائل فون چھین لیا۔ باغبانپورہ کے علاقہ نوشہرہ روڈ سے دو ڈاکو وہاں سے گزرنے والے عمران کی موٹر سائیکل اسلحہ کی نوک پر چھین کر فرار ہوگئے۔ سیٹلائٹ ٹاﺅن کے علاقہ میں واقع محمد جمیل کی بیکری میں دو ڈاکو داخل ہوئے جنہوں نے گن پوائنٹ پر جمیل سے 20 ہزار روپے نقدی اور 22 ہزار روپے مالیت کے کارڈز، پرفیوم اور سگریٹ بھی لوٹ کر لے گئے۔ اسی تھانے کے علاقہ سے اختر نامی شخص کی کار چوری ہوگئی۔ سول لائن کے علاقہ میں واقع ضلع کچہری سے ظفر اللہ کی موٹر سائیکل نامعلوم افراد چرا کر لے گئے۔ اسی تھانے کے علاقہ ڈی سی روڈ سے مشتاق کی موٹر سائیکل چوری ہوگئی۔

ای پیپر دی نیشن