چکوال(آن لائن) نگران وزیر داخلہ ملک حبیب خان نے کہا ہے کہ دو جون تک پارلیمنٹ ، وفاقی اور صوبائی حکومتیں مکمل طور پر کام شروع کردینگی اور نگران حکومتیں فارغ ہوجائینگی بڑا مرحلہ شفاف الیکشن کے انعقاد کا تھا وہ ہوگیا اب انتقال اقتدار ایک چھوٹا مرحلہ ہے جو آئندہ چند روز میں مکمل ہوگا وہ چیف وارڈن سول ڈیفنس چکوال راجہ مجاہد افسر کی طرف سے دیئے جانے والے استقبالیے میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ چند ملک دشمن عناصر نے بھرپور کوشش کی کہ گیارہ مئی کے الیکشن نہ ہوسکیں۔ اس کے لیے بڑے سیاسی رہنماﺅں نواز شریف ، عمران خان، اسفند یار ولی سمیت دیگر رہنماﺅں کو دہشتگردی کے ذریعے قتل کرنے کے منصوبے شامل تھے مگر حکومت نے سنجیدہ اقدامات کئے جس کی وجہ سے دہشتگردی کا کوئی بڑا سانحہ الیکشن کے دوران رونما نہ ہوا۔ آنے والے بجٹ کی تیاری منتخب نمائندوں کا استحقاق ہے۔ اس ضمن میں نگران حکومت کے پاس کوئی مینڈیٹ نہیں ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں نگران وزیر داخلہ نے بتایا کہ میاں نواز شریف اور عمران خان کی طرف سے طالبان کو مذکرات کی دعوت دینے سے ملک میں دہشتگردی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ میاں نواز شریف کو ووٹ دینے کا اعلان ذاتی فیصلہ تھا قوم مکمل طور پر باشعور ہے۔ بے شک الیکشن پر کچھ لوگ انگلیاں اٹھا رہے ہیں مگر ہمارا ضمیر مطمئن ہے کہ ہم نے ایسا پرامن ماحول فراہم کیا جس کے نتیجے میں انتخابی تاریخ کا سب سے زیادہ ٹرن آﺅٹ ساٹھ فیصد رہا۔ لوگوں نے جوش و جذبے کے ساتھ حق رائے دہی استعمال کیا۔ نگران حکومتوں نے چارج سنبھالا تو انہیں پہلا یہ پیغام دیا گیا کہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پی کے میں پرامن الیکشن نہیں ہوسکیں گے۔ بے شک قوم کا مستقبل جمہوریت میں ہے۔
نوازشریف ‘ عمران کی طالبان کو مذاکرات کی دعوت سے دہشت گردی میں کمی ہو گئی : وزیر داخلہ
May 27, 2013