نواز شریف کو وزیراعظم بنانے کےساتھ جلد فارغ کرنا بھی عالمی منصوبہ ہو سکتا ہے: شیخ رشید

نواز شریف کو وزیراعظم بنانے کےساتھ جلد فارغ کرنا بھی عالمی منصوبہ ہو سکتا ہے: شیخ رشید

May 27, 2013

لاہور (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے نواز شریف کو وزیراعظم بنانے کے ساتھ انہیں جلد فارغ کرنا بھی عالمی منصوبہ ہو سکتا ہے‘ مجھے یقین ہے کہ مسلم لیگ (ن) امریکہ کی ناراضگی سے ڈرتے ہوئے ایران سے گیس نہیں لے گی‘ اصغر خان کیس کا کچھ نہیں بنے گا ‘ 2013تبدیلیوں کا سال ہے چیف جسٹس‘ چیف آف آرمی سٹاف‘ وزیراعظم اور صدر بھی نئے آ رہے ہیں‘ مسلم لیگ (ن) آزاد امیدواروں اور مختلف جماعتوں کو خود میں ضم کروا کے قومی پارٹی بننے کی کوشش کر رہی ہے‘ میں اپنی جماعت قائم رکھوں گا‘ میں دیکھوں گا کب مسلم لیگ (ن) مزدور کی تنخواہ 18ہزار کرتی ہے‘ میری ایک سیٹ 200سیٹوں کے برابر ہے میں زندہ رہا تو پارلیمنٹ میں عوام کی زبان بولوں گا‘ سب مسلم لیگ (ن) میں چلے جائیں تاکہ گند ایک جگہ جمع ہو جائے‘ بھارت پاکستانی پانی روک کر بجلی بنا رہا ہے وہ وہی بجلی ہمیں بیچنا چاہتا ہے لیکن ایسا نہیں ہو گا‘ ہمیں بھارت کے قبضے سے دریاﺅں کو آزاد کروانا ہو گا۔ اتوار کے روز اپنے ایک انٹرویو کے دوران شیخ رشید نے کہا پارلیمنٹ میں ہیجڑوں کی نہیں عوام کی بات کرنے والوں کی ضرورت ہے‘ مسلم لیگ (ن) چھوٹی چھوٹی مسلم لیگیوں کے ڈیروں پر جا کر ان کو اپنے ساتھ ملا رہی ہے اور ان کو صرف خود سے خطرہ ہے اور اگر نواز شریف کو وزیراعظم بنانا عالمی منصوبہ ہے تو پھر نواز شریف کو مطلب نکالنے کے بعد جلد فارغ کرنا بھی عالمی منصوبہ ہو سکتا ہے۔ پاکستان کے ساتھ صرف سیاستدانوں نے نہیں ملاﺅں نے بھی زیادتی کی ہے۔ عمران خان نے عام انتخابات کیلئے بہت محنت کی۔ میں سمجھتا ہوں کہ اگر وہ لفٹر سے نہ گرتے تو صورتحال بالکل مختلف ہوتی۔
شیخ رشید

مزیدخبریں