”آئی ایس آئی کے خلاف مہم پر جنگ/ جیو گروپ کی معذرت

 معروف صحافی حامد میر پر ہونے والے افسوس ناک حملے کے بعد میڈیا کے اندر بھی اور اس سے باہر مختلف حلقوں میں پریشان کن تبصروں اور تکلیف دہ مہم جوئی کا ایک ایسا سلسلہ شروع کیا گیا جس کے نتیجے میں ایسی صورتحال پیدا ہو گئی‘ جو ہمارے ملک کے وسیع تر مفاد کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ چونکہ قومی مقاصد کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی جیو اور جنگ گروپ کے لئے ہمیشہ باعث فخر رہی ہے لہٰذا موجودہ صورتحال میں ہم اپنے موقف کی وضاحت کرنا ضروری سمجھتے ہیں۔
سب سے پہلے تو جنگ گروپ دو ٹوک الفاظ میں واضح کرنا چاہتا ہے کہ اس نے ہمیشہ پاکستان کی مسلح افواج اور اس کی قیادت کو عزت اور احترام کی نظروں سے دیکھا اور اپنی سرحدوں کے تحفظ اور ملکی سلامتی کے لئے ان کی قربانیوں کا ہر دور میں اعتراف کیا ہے اور یہ چیز ہمیشہ جنگ گروپ اور جیو نیوز کی ادارتی پالیسی کا بنیادی جزو رہی ہے ادارے کی انتظامیہ اور اس کے تمام ارکان اپنے اس عزم پر ہمہ وقت کاربند اور عمل پیرا رہے ہیں اور انشاءاللہ آئندہ بھی اس پر قائم رہیں گے۔ ہماری کبھی یہ نیت نہیں رہی کہ کسی بھی ادارے یا شخصیت کو بدنام کیا جائے یا اس کی توہین کی جائے۔ زیر بحث الزامات کا سب سے پہلے خود حامد میر نے تذکرہ کیا تھا اور حملے کے فوراً بعد انہی کے گھرانے کے ایک فرد نے انہیں دہرایا۔ ہمارا مقصد ہمیشہ یہی رہا ہے کہ ہم باہمی بات چیت‘ رابطوں اور متوازن و معلوماتی مباحثوں کے ذریعے اداروں کو مضبوط کرنے کے لئے اپنا عاجزانہ کردار ادا کریں اور یہی چیز ذمہ دار اور آزاد صحافت کی شناخت اور طرہ امتیاز ہوتی ہے۔
اپنی سنجیدہ خود احتسابی‘ ادارتی مباحثے اور خود تک پہنچنے والی رائے عامہ کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ 19 اپریل کو حامد میر پر گزرنے والے سانحہ اور تکلیف دہ حملے کے فوری بعد ہماری نشریات حد سے متجاوز‘ پریشان کن اور جذباتی تھیں۔ یہ نشریات اگرچہ میڈیا کے موجودہ طریقہ کار اور سلسلہ ہائے واقعات کے مطابق تھیں اور جس میں الزام کی خبر کے ساتھ ساتھ آئی ایس پی آر کا نقطہ نظر بھی ڈی جی آئی ایس آئی کی تصویر کے ساتھ بار بار نشر کیا گیا تھا‘ اس کے باوجود انہیں گمراہ کن‘ غیر متوازن اور نامناسب سمجھا گیا اور ان سے ایک مہم کا تاثر ملا۔ ان نشریات سے آئی ایس آئی کو بطور ادارہ‘ اس کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام‘ ان کے اہل خانہ اور مسلح افواج سے وابستہ تمام افراد اور ہمارے ناظرین کی بڑی تعداد کو جو دکھ پہنچا‘ اس پر ہم ان سب سے خلوص دل کے ساتھ معافی کے خواستگار ہیں۔
ہر تعلق میں نشیب و فراز آتے رہتے ہیں اور غلط فہمیاں بھی جنم لیتی ہیں لیکن اس کے باوجود ہمیں آگے بڑھنا ہے۔ آئیے ہم مل کر آئین کے اندر رہتے ہوئے کام کرنے اور قانون کی حکمرانی کے احترام کا عزم کریں تاکہ ہم ملکر ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان تعمیر کر سکیں۔

ای پیپر دی نیشن