او آئی سی اسلامی دنیا کے مفادات کو تحفظ دینے کیلئے مربوط کوششیں کرے : صدر ممنون

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) پر زور دیا ہے کہ وہ اسلامی دنیا کے مفادات کے تحفظ، مشترکہ اقدار اور رکن ممالک کے درمیان یکجہتی کے فروغ کے لئے مربوط کوششیں کرے۔ پیر کو یہاں ایوان صدر میں او آئی سی ممالک کے سفیروں اور ہائی کمشنروں کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان جو او آئی سی کا بانی رکن ہے، مسلمانوں کے نصب العین کے فروغ کا ٹھوس حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تنازعہ فلسطین، جموں کشمیر کے مسئلہ، قبرص، نگورنو کاراباخ، اسلام فوبیا اور نان او آئی سی ممالک میں مسلم اقلیتوں کے ایشوز پر امت مسلمہ کے کاز کی حقیقی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کو مضبوط بنانے کی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے جس سے او آئی سی کی تنظیم امہ کی متحد آواز کے طور ایک حقیقی صلاحیت حاصل کرے گی۔ انہوں نے او آئی سی کے نائب سیکرٹری جنرل کے عہدہ پر پاکستان کے سفیر نعیم خان کے انتخاب کیلئے او آئی سی کے رکن ممالک کی حمایت کی تعریف کی اور کہا کہ اس کے نتیجہ میں اسلامی تعاون کی تنظیم کے درمیان موجودہ تعاون مزید فروغ پائے گا اور مستحکم ہوگا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے عوام کے جائز نصب العین کے لئے او آئی سی کی مسلسل حمایت کی تعریف کرتے ہوئے جموں و کشمیر سے متعلق سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندہ کی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور توقع ظاہر کی کہ وہ مسئلہ کے پرامن حل کیلئے اپنی کوششوں میں تیزی لائیں گی۔ مسئلہ فلسطین کے بارے میں صدر نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی پرامن اور منصفانہ جدوجہد کی غیر مشروط حمایت جاری رکھے گا اور ایک آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کے قیام کی مکمل حمایت کرے گا۔

ای پیپر دی نیشن