ہائیکورٹ بار کے اجلاس میں وکلاء کی ہاتھا پائی‘ عدلیہ کی حمایت میں قرارداد منظور

May 27, 2014

لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ بار کے اجلاس میں عدلیہ کی حمایت اور مخالفت میں وکلاء ایک دوسرے سے الجھ گئے، ہاتھا پائی اور ایک دوسرے کیخلاف زبردست نعرے بازی کرتے رہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار نے عدلیہ کی خود مختاری اور بالادستی کے حق میں قرار داد منظور کر لی۔ لاہور ہائیکورٹ بار کاجنرل ہائوس اجلاس شروع ہوتے ہی وکلاء نے توہین آمیز اور عدلیہ مخالف پروگرام نشر کرنیوالے ٹی وی چینلز کیخلاف نعرے بازی شروع کی تو وکلاء ایک دوسرے سے الجھ پڑے اور نوبت ہاتھا پائی تک جاپہنچی اور جنرل ہائوس کا اجلاس مچھلی منڈی بن گیا۔ وکلا کے ایک دوسرے پر مسلسل حملوںسے اجلاس تعطل کا شکار ہوتا رہا۔ اجلاس میں وکلاء جیو ٹی وی اور اے آر وائی نیوز کو بند کرنے کا مطالبہ بھی کرتے رہے۔ دھینگا مشتی میں معمولی کمی کے ساتھ ہی لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان نے خطاب کرتے ہوئے کہا عدلیہ مخالف قوتیں سازش کے ذریعے وکلاء کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں مگر وکلا ایسی کسی بھی سازش کو ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا عدلیہ مخالف پروپیگنڈہ بند کیا جائے اور کسی طالع آزما نے نظام لپیٹنے کی کوشش کی تو وکلا کو اپنی جانیں قربان کرنا پڑیں تو اس سے بھی دریغ نہیں کیا جائیگا۔ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے ملک بھر کی وکلا برادری عدلیہ کی آزادی‘  وقار اور تقدس کی پامالی کسی طور پر برداشت نہیں کریگی۔ بار نے تمام اداروں سے مطالبہ کیا ہر ادارہ اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرے اور قانون سے بالا تر ہونے کی کوئی کوشش نہ کرے۔  لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شفقت محمود چوہان کی زیر صدارت لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن جنرل ہائوس کے اجلاس میں تمام میڈیا ہائوسز سے مطالبہ کیا کہ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے پروگرامز اور مواد کو شائع اور نشر کرنے سے باز رہیں۔ جیو کے پروگرام جس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے اسکی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ اجلاس میں عامر جلیل صدیقی‘ میاں محمد احمد چھچھر‘  میاں محمد اقبال فنانس سیکرٹری لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے علاوہ وکلا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شفقت محمود چوہان نے خطاب کرتے ہوئے کہا لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن عدلیہ کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ میاں محمد احمد چھچھر نے  کہا وکلا برادری عدلیہ کے وقار کے حوالے سے کسی فردِ واحد کے بجائے بطور ادارہ عدلیہ کے وقار کو مجروح کرنیوالوں کا ہر وقت مقابلہ کرنے کیلئے متحد ہے۔ کسی صورت توہین رسالت  و اہلبیت برداشت نہیں کریں گے۔ ذوالفقار بخاری آفتاب ورک نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں