لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں اپنے والد کی شرکت کے حوالے سے پیغامات لکھتی رہیں۔ نوازشریف راشٹرپٹی بھون پہنچنے پر مریم نواز شریف نے لکھا کہ وزیراعظم نوازشریف تقریب حلف برداری میں پہنچ گئے، لوگ ان کیلئے کھڑے ہیں کتنا اچھا منظر ہے۔ ایک اور پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت جانا وزیراعظم نواز شریف کا اپنا فیصلہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ دورہ بھارت کیلئے نواز شریف کی ٹائیز میں نے منتخب کیں۔ آخری پیغام میں مریم نواز نے اپنے والد کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے میلہ لوٹ لیا، سب کی نظریں ان پر جمی ہوئی ہیں۔