پاکستان میں کسی کو آگ لگانے کی اجازت نہیں دی جائیگی ، مہنگائی کم ہوگی ، عوام دوست پالیسیاں بنائینگے : پرویز رشید

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت نے جس طرح ماضی میں عوام دوست پالیسیاں اپنائیں مستقبل میں بھی عوام دوست پالیسیاں بنائے گی، آئندہ بھی عوام کو ریلیف دیا جائے گا،میٹرو بس سے عام لوگوں کو فائدہ ہوگا، حکومت صاف شفاف طریقے سے چیئرمین پیمرا لانا چاہتی ہے، ہمیں دکھ درد میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہئے۔ وہ یہاں مقامی ہوٹل میں یونیورسل پیس مشن کے زیراہتمام بین المذاہب ہم آہنگی سیمینار اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے اردن کے سفیر، ہندو، سکھ اور سکالرز نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ رواں سال روپے کی قدر بھی مستحکم ہوگئی ہے۔ مہنگائی میں بھی واضح طور پر کمی آئی ہے۔ کئی ممالک نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل نہیںکیا تاہم وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر تیل کی قیمتوں میں کمی کو عوام تک منتقل کیا گیا۔ ڈسکہ کے واقعہ پر حکومت نے فوری نوٹس لے کر کارروائی کی ہے۔ پنجاب زندہ اور پرامن ہے وہاں پر صرف پرامن احتجاج ہوا ہے۔ کل کا واقعہ افسوسناک ہے واقعہ کے حوالے سے مقدمہ بھی درج ہوا ہے۔ پاکستان میں کسی کو بھی آگ لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اردنی سفیر نے کہا کہ آج دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وجہ سے انسانی قدریں ہمیں ایک دوسرے سے قریب لا رہی ہیں، اسلام برابری کا پیغام دیتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن