خار + ہنگو + چارسدہ (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) باجوڑ ایجنسی کے تحصیل ناوگئی کے علاقے بابڑہ چہارمنگ میں ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنانے کے دوران دھماکہ سے 5 سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ منگل کو سرکاری ذرائع کے مطابق منگل کے روز باجوڑ ایجنسی کے تحصیل ناوگئی کے علاقے بابڑہ چہارمنگ میں ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنانے کے دوران دھماکے کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے پانچ اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمی ہونے والوں میں لیویز فورس کے بم ڈسپوزل سکواڈ کے سربراہ نائب صوبیدار محیب بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طورپر ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال خارمنتقل کیا گیا ہیں جبکہ چار زخمیوں کو بعدازاں مزید علاج کیلئے بذریعہ ہیلی کاپٹر پشاور منتقل کیا گیا ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور پولیٹیکل انتظامیہ نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ادھر ہنگو پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 7 اشتہاری مجرمان سمیت 17 مشتبہ افراد گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ ادھر شبقدر کے علاقے منوکا میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق کھیت سے 37 کلو وزنی بارودی مواد برآمد کر لیا گیا ہے جسے بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔