لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ڈسکہ میں پولیس اور وکلاء کے مابین تصادم کے نتیجہ میں 2وکلاء کے جاں بحق ہونے پر دلی طور پر دکھ اور رنج ہوا ہے۔ پنجاب حکومت اور صوبے کے عوام جاں بحق ہونیوالے وکلاء کے لواحقین اور وکلاء برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ افسوسناک واقعہ کے بعد فوری طور پر فائرنگ کے ذمہ دار ایس ایچ او کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کا چالان قانون کے مطابق جلد سے جلد عدالت میں پیش کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اس واقعہ میں قانون کے مطابق انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ قانون کو ہاتھ میں لینا کسی طورپر بھی جائز نہیں۔ سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانا بھی کسی طورپر درست نہیں، قومی املاک کو نقصان پہنچانے والے پاکستان کی خدمت نہیں کر رہے، امن عامہ اور عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے جو وہ پوری طرح نبھائے گی۔ قانون کے محافظ کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ کسی طورپر بھی قابل برداشت نہیں۔ انصاف ہر قیمت پر ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آ ئے گا۔ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کو ڈسکہ کے دلخراش واقعہ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ عوام کو بہترین، باکفایت، تیزرفتار اورآرام دہ سفری سہولتیںفراہم کرنے کے حوالے سے ایک عالیشان منصوبہ ہے، جس سے ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ایک انقلابی تبدیلی آئے گی، بلاشبہ یہ منصوبہ عوام کے وسائل عوام پر صرف کرنے کی شاندار مثال ہے۔ پنجاب حکومت نے لاہور میٹروبس پراجیکٹ کی ریکارڈ مدت کی تکمیل سے ٹرانسپورٹ کلچر تبدیل کرنے کا جو سفر شروع کیا، راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبہ اسی کا ایک تسلسل ہے اور میٹروبس پراجیکٹس کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔ وہ گزشتہ روز راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس پراجیکٹ کے حوالے سے اسلام آباد میںمنعقدہ اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میٹروبس پراجیکٹ کے افتتاح سے جڑواں شہروں کے عوام کوسفر کی وہ سہولتیں میسر آئیں گی جو دنیا کے بڑے شہروں میں ملتی ہیں اور معاشرے کے تمام طبقات اس سفری سہولت سے مستفید ہوں گے۔ میٹرو بس کا منصوبہ عوامی خدمت کے حوالے سے ہماری ترجیحات کا آئینہ دار ہے- راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس سروس کے منصوبے کا جلد افتتاح کیا جا رہا ہے۔ افتتاح کا دن راولپنڈی اور اسلام آباد کے عوام کیلئے جشن مسرت کا دن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کے تمام پیکیجز پر ایکسلیٹرز پر ایلیویٹرز کی تنصیب کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ میٹرو بس منصوبے پر تعمیراتی کام کو مطلوبہ معیار کے مطابق تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے۔ اجلاس کے بعد وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے پیکیج 5 پاک سیکرٹریٹ بس سٹیشن کا دورہ کیا اور پیکیج5 بس سٹیشنز کے تعمیراتی اور آرائشی کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
سانحہ ڈسکہ: انصاف ہوتا نظر بھی آئیگا، املاک کو نقصان پہنچانا درست نہیں: شہباز شریف
May 27, 2015