اسلام آباد (آن لائن+ آئی این پی) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ادا نہیں کر رہی اگر ایسا ہوتا تو نواز زرداری ملاقات کب کی ہو چکی ہوتی۔ سیاستدان فراخدلی کا مظاہرہ کریں اپنے دروازے بند نہ کریں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آصف زرداری موجودہ تناظر میں وزیراعظم سے ملتے تو کئی قیاس آرائیاں شروع ہو جاتیں اس لئے بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ ملاقات نہیں ہو سکتی۔ وزیراعظم علاج کے لئے برطانیہ گئے کیونکہ بڑے لوگ ہمیشہ اپنا علاج بیرون ملک سے کراتے ہیں۔ وہ موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے گئے ہوں گے۔ میاں صاحب کی حکومت کو چاہئے کہ عوام کو صحت کے بہتر سہولیات فراہم کریں لیکن افسوس ان کے دور حکومت میں کوئی اچھا ہسپتال پاکستان میں قائم نہیں ہوا جہاں وہ اپنے علاج کے لئے جائیں۔ زرداری سے ملاقات نہ ہونا وزیراعظم کے حق میں ہے، مولانا فضل الرحمان زرداری کو منانے نہیں گئے۔