اسلام آباد (آن لائن) نادرا نے وزیر داخلہ چودھری نثار کی ہدایت کے مطابق ملک بھر میں شناختی کارڈز کی دوبارہ تصدیق کے لئے روڈ میپ تیار کر لیا۔ پہلے مرحلے میں ان علاقوں سے تصدیق کا عمل شروع کیا جائے گا جن علاقوں میں زیادہ سے زیادہ مشکوک افراد کے شناختی کارڈز کا معاملہ سامنے آیا ہے اس لئے نادرا کے تیار کردہ روڈ میپ کے مطابق پہلے مرحلے میں بلوچستان اور فاٹا کو شامل کیا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں خیبر پختونخوا ، تیسرے مرحلے میں سندھ اور چوتھے مرحلے میں جنوبی پنجاب اور آخری مرحلے میں بالائی پنجاب کے علاقوں میں تصدیق عمل کیا جائے گا تاہم نادرا کی جانب سے تیار کردہ لائحہ عمل کی حتمی منظوری وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان ہی دیں گے۔ ترجمان نادرا کا کہنا تھا کہ ہمیں 48 گھنٹے کا وقت دیا گیا ہے جلد ہی جعلی شناختی کارڈز کے اجراء کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے لئے بھی روڈ میپ تیار کر لیا جائے گا جب (SOP) ایس او پی تیار کی جائے گی تو ذمہ داران کا تعین بھی کیا جائے گا تاہم ملک بھر میں مرحلہ وار طریقے سے شناختی کارڈز کی تصدیق کی جائے گی۔
شناختی کارڈ تصدیق