سی ایم ویمن گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں یونائیٹڈ اکیڈمی نے پنجاب وائٹس کو دو صفر سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ پول میچ میں پنجاب وائٹس نے یونائیٹڈ اکیڈمی کو دو صفر سے ہرایا تھا تاہم فائنل میں پنجاب کی کھلاڑی گول کرنے کے مواقعوں سے فائدہ نہ اٹھاسکیں۔مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل جہانگیرخانزادہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اس موقع پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہبازسینئرقومی ٹیم کے کوچ خواجہ جنید ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ پی ایچ ایف نوید عالم اولمپئن خالد بشیر اورممتازحیدر بھی موجود تھے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں کے مابین سخت مقابلہ ہوا تاہم یونائیٹڈ اکیڈمی جسے پاکستان واپڈ ویمن ٹیم کی خدمات حاصل تھیں اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے دوسرے کوارٹر میں افشاں نورین اور عقیلہ نسیم کے ذریعے دو گول داغ ڈالے۔ تیسرے اورچوتھے کوارٹر میں پنجاب وائٹس کا پلہ بھاری رہا اور اس نے یکے بعد دیگرے کئی پنلٹی کارنر حاصل کئے تاہم فارورڈ لائن گیند کو جال کی راہ دکھانے میں ناکام رہی۔فاتح ٹیم کی مائرہ صابر ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔ایونٹ میں چاروں صوبوں کے علاوہ اسلام آباد اورایک اکیڈمی کی ٹیموں نے حصہ لیا۔
٭٭٭٭٭٭
کلب کرکٹ کی پرموشن کے بغیر کرکٹ کو ترقی نہیں دی جا سکتی ہے یہ بات حقیقت ہے کہ صوبائی دارلحکومت میں مسلم جم خانہ کلب کرکٹ کے فروغ کے لیے گذشتہ 50 سال سے اقدامات کر رہی ہے۔ اس سلسلہ میں کلب کے نام سے سالانہ فیسٹول کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔ مسلم جم خانہ کا 47 واں سالانہ فیسٹیول ایل سی سی اے گراونڈ میں گذشتہ دنوں منعقد ہوا جس میں سٹار کھلاڑیوں سمیت پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق، ٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر، ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل، سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم حیدر، ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایک نمائشی میچ بھی کھیلا گیا جو کلب کا 47 واں سالانہ نمائشی میچ تھا جو انضمام الحق الیون اور احمد شہزاد الیون ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ میچ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمیز مدثر نذر اور ہیڈ کوچ نیشنل کرکٹ اکیڈمی مشتاق احمد تھے۔ اس میچ کے جچیف آرگنائزر انٹرنیشنل ٹیسٹ امپائر میاں اسلم تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کلب نے ایک راویت قائم کی ہے جو سالانہ فیسٹیول کا انعقاد کرتی ہے جس میں انٹرنیشنل اور نیشنل کھلاڑی حصہ لیتے ہیں۔ اس مرتبہ پھر بہترین انتظامات کے ذریعے کیے گئے تھے۔
٭٭٭٭٭٭
نشتر سپورٹس کمپلیکس میں بین الاقوامی معیار کے سوئمنگ پول کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں سوئمنگ پول کی عمارت کو روشنیوں سے جگمگایا گیا تھا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئر اقبال اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار گھمن تھے۔ اس موقع پر سیکرٹر ی سپورٹس پنجاب نیئر اقبال نے کہاہے کہ پاکستان کے پہلے جدید ترین سوئمنگ پول کی تکمیل خوش آئند ہے ، اس سے سوئمنگ کے کھیل کو نہ صرف فروغ حاصل ہوگا بلکہ پاکستان میں سوئمنگ کے انٹرنیشنل مقابلوں کا انعقاد ممکن ہوسکے گا، انٹرنیشنل ٹیموں کے پاس میں آنے سے پاکستان کا امیج بھی بہتر ہو گا۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں میں بہتری کےلئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے ، پاکستان میں عالمی معیار کے جدید ترین سوئمنگ پول کا تکمیل کو پہنچنا خوش آئند ہے، سٹیٹ آف دی آرٹ سوئمنگ پول فینا سٹینڈرڈز کے مطابق بنایا گیا ہے،انشاءاﷲسٹیٹ آف دی آرٹ سوئمنگ پول سے مستقبل میں بہترین سوئمرز نکلیں گے، سوئمنگ کو فروغ حاصل ہوگا۔اس موقع پر ڈائریکٹرسپورٹس انیس شیخ ، ڈائریکٹرایڈمن جاوید رشید چوہان ، ڈپٹی ڈائریکٹرحفیظ بھٹی ،ڈویژنل سپورٹس آفیسر ندیم قیصر بھی موجود تھے۔