کنٹرول لائن : بھارتی فوج کی پھر بلا اشتعال فائرنگ، خاتون شہید، پاک فوج کا بھرپور جواب

راولپنڈی (اے این این+ صباح نیوز) بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال گولہ باری اور فائرنگ سے پاکستانی خاتون شہید ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر رات 3 بجے گولہ باری اور فائرنگ کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں ایک شیل گاﺅں نالی میں گھر پر جاگرا اور گھر میں موجود خاتون جاں بحق ہو گئی، یہ واقعہ صبح چار بجے کے قریب پیش آیا۔ ڈپٹی کمشنر چوہدری گفتار نے میڈیا کو بتایا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے فائر کیا جانے والا شیل ضلع بھمبر کے گاﺅں نالی میں ایک گھر میں گرا جس کے نتیجے میں 60 سالہ فرزند بیگم اہلیہ نور حسین شہید ہوگئیں۔ خیال رہے کہ نالی گاﺅں تحصیل بارنالہ میں آتا ہے لیکن یہ تحصیل سامہانی سے منسلک ہے جسے ماضی میں بھارتی فورسز نے متعدد مرتبہ فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ بھارتی فائرنگ سے متعدد مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔ پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی گنوں کو خاموش کرا دیا۔ مذکورہ خاتون کی شہادت کے بعد رواں ماہ بھارتی فورسز کی اشتعال انگیز فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 3 ہوگئی جبکہ ان واقعات میں کم سے کم 30 افراد زخمی بھی ہوئے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں اڑی حملے کے بعد سے کشیدگی پائی جاتی ہے اور بھارت کی جانب سے متعدد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری کی خلاف ورزی کی جاچکی۔ ہفتہ یکم اپریل کو بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں ایک شہری عتیق قریشی ولد خلیل قریشی زخمی ہوگیا، جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

ای پیپر دی نیشن