کراچی(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کی عدم دلچسپی کی وجہ سے چیمپئینز ٹرافی کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کی تیاریاں مزاق بن گئیں۔پی ایچ ایف اور منتظمین کی بے اعتناعی کے سبب اہم ترین ایونٹ کے لیے کراچی کے عبدالستار ایدھی اسٹیڈیم پر جاری قومی تربیتی کیمپ غیر اہمیت اختیار کر گیا۔بھاری رقم کے عوض خدمات کے لیے آنے والے غیرملکی کوچ کیمپ کو چھوڑ کر تعطیلات گزارنے واپس اپنے وطن ہالینڈ روانہ ہوگئے۔ذریع کے مطابق رولینٹ آلٹمنز اگلے دو یوم کے بعد واپس پاکستان آکر دوبارہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ہیڈ کوچ کی غیر حاضری کے ساتھ قومی کپتان رضوان سینیئر بھی کیمپ میں موجود نہیں ، انہوں نے ایبٹ آباد میں پہلے مرحلہ کی طرح دوسرے جاری مرحلہ میں بھی شرکت مناسب نہیں جانی، وہ ان دنوں یورپ میں ہاکی لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں، قومی امکان ہے کہ وہ قومی ٹرائلز میں بھی شریک نہیں ہوں گے اور ان کا براہ راست قومی ٹیم میں انتخاب بھی ہو جائے گا، کیمپ میں اولمپئین محمد ثقلین اور اولمپئین ریحان بٹ کوچ کی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں،دوسری طرف چیمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم کے انتخاب کے لیے ٹرائلز کی حتمی تاریخ کا بھی تک فیصلہ نہیں ہوسکا، قابل ازیں گزشتہ جمعہ کو ان ٹرائلز کا انعقاد طے تھا لیکن پی ایچ ایف نے بوجہ یہ ٹرائلز موخر کرکے منگل کو کرانے کا علان کیا، تاہم رابطے پر قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ و سابق قومی کپتان اولمپئین اصلاح الدین نے موقف اختیار کیا کہ ان کو ٹرائلز کے حوالے سے کوئی علم نہیں، فیڈریشن کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری ہونے پر ہی ٹرائلز ہوں گے،ان ٹرائلزکے بعد پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی منتخب ٹیم کا اعلان کرے گی۔