25 جولائی کو عام انتخابات : قومی‘ صوبائی ایک ہی روز ہونگے : صدر نے منظوری دیدی

May 27, 2018

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے 25 جولائی کو عام انتخابات کی منظوری دیدی ہے۔ صدر مملکت نے الیکشن کمشن کی بھیجی گئی سمری پر تاریخ کی منظوری دیدی۔ ملک بھر میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن ہونگے۔ الیکشن کمشن نے سمری میں 25، 26 اور 27 جولائی کی تاریخیں دی تھیں۔ الیکشن کمشن کی سمری وزیراعظم ہاﺅس سے ہوتے ہوئے صدر ممنون حسین کے پاس گئی تھی۔ ترجمان الیکشن کمشن الطاف خان کے مطابق صدر مملکت کی منظور کردہ سمری موصول نہیں ہوئی۔ سمری موصول ہوتے ہی میڈیا کو باضابطہ آگاہ کیا جائیگا۔ 25 جولائی کو قومی اسمبلی کی 272 جنرل نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ ملک بھر میں مجموعی طور پر 874 جنرل نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ الیکشن 2018ءمیں پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی 297، سندھ کی 130‘ خیبر پی کے کی 124‘ بلوچستان کی 51 نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ بی بی سی کے مطابق ایوان صدر کے ترجمان کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات ایک ہی دن منعقد کئے جائیں گے۔ آئین کے تحت موجودہ حکومت کی مدت اس مہینے کے آخر میں مکمل ہو رہی ہے جس کے بعد ساٹھ روز کے اندر عام انتخابات کروانا ضروری قانونی تقاضا ہے۔ عام انتخابات نگران حکومت کے تحت منعقد کئے جاتے ہیں جو انتقال اقتدار تک اپنے فرائض انجام دے گی۔ قبل ازیں الیکشن کمشن نے عام انتخابات کی تاریخ کیلئے صدر مملکت کو سمری بھجواتے ہوئے کہا تھا 2018 ءکے عام انتخابات میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی ماتحت عدلیہ کے جوڈیشل افسروں سے کی جائیگی۔ الیکشن ایکٹ 2017ءکی شق 50 اور 51 کے تحت کمشن نے رجسٹرار ہائیکورٹس سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور سول ججز کی فہرستیں بھی مانگی گئی تھیں۔ ہائیکورٹس کی طرف سے فراہم فہرستوں کے مطابق جوڈیشل افسروں کو عام انتخابات 2018ءمیں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر تعینات کیا جائیگا۔ الیکشن کمشن کی جانب سے جون کے پہلے ہفتے انتخابی شیڈول جاری کرنے کئے جانے کا امکان ہے۔الیکشن کمشن نے عام انتخابات 2018ءمیں پہلی بار ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے اور تاریخ میں پہلی بار آر اوز کو لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسروں کو 2، 2 ڈیٹا انٹری آپریٹرز دیدیئے گئے ہیں۔ ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو ٹریننگ بھی دیدی گئی جبکہ ڈیٹا انٹری آپریٹرز پولنگ سٹیشن سے موصول رزلٹ تیار کریں گے۔ پریذائیڈنگ افسر پولنگ سٹیشن سے ہی تصاویر رزلٹ ریٹرننگ افسروں کو بھیجیں گے۔ آر او رات 2 بجے تک رزلٹ الیکشن کمشن کو بھجوانے کا پابند ہوگا جبکہ رزلٹ میں تاخیر پر ریٹرننگ افسر کو تحریری وجوہات بھی دینا ہوں گی۔ دریں اثناءکاغذات نامزدگی 2 سے 6 جون تک وصول کئے جانے کا امکان ہے۔

انتخابات/ صدر منظوری

مزیدخبریں