لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) سابق ٹیسٹ فاسٹ با¶لر عطاءالرحمان نے ایک مرتبہ پھر سابق کپتان وسیم اکرم پر ملک بیچنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ عطاءالرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی جرسی سے سبز رنگ کی پٹی ختم ہونے پر پریشان ہونیوالے وسیم اکرم اتنے پریشان کیوں ہیں انہوں نے تو اپنے کیرئیر میں اس رنگ کو بیچا ہے اس وقت انکی سبز رنگ اور وطن سے محبت کہاں تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان اور آئر لینڈ کے مابین کھیلے جانیوالے ٹیسٹ میچ کے دوران قومی ٹیم کے لباس سے سبز رنگ کے نظر نہ آنے پر حیران ہیں۔ بد قسمتی یہ ہے کرکٹ کھیلنے کے دنوں میں انہیں اس رنگ کی قدر نہیں تھی انہوں نے گرین رنگ کے بجائے پیسوں کو اہمیت دی۔ ایک پٹی غائب ہونے پر حیران ہونیوالوں نے پوری شرٹ ہی بیچ دی تھی۔میں خاموش رہتا ہوں کیونکہ میں لحاظ کرتا ہوں مجھ سے بات کریں میں نے پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلی ہے میں نے پاکستان کو بیچا نہیں ہے۔ ملک بیچنے والے کرکٹ بورڈ میں لگے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ آئر لینڈ اور پاکستان کے مابین ٹیسٹ میچ کے دوران سابق کپتان وسیم اکرم نے قومی ٹیم کی جرسی سے سبز رنگ کی پٹی ختم ہونے پر سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا وسیم اکرم کی نشاندہی پر پاکستان کے سوشل میڈیا صارفین نے بھی بورڈ کے اس اقدام کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ وسیم اکرم کے اس بیان پر انکے ساتھ کرکٹ کھیلنے تیز گیند باز عطاء الرحمان نے سابق کپتان کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کرکٹ بورڈ میں کام کرنیوالے دیگر افراد کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ عطاءالرحمان کا کہنا تھا کہ جو لوگ کھلی آنکھوں کے ساتھ سارا دن بیٹھ کر میچ نہیں دے سکتے وہ قومی ٹیم کے ساتھ ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ پاکستان ٹیم کے منیجرکی مثال سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ منیجرکا عہدہ انتہائی ذمہ داری کا ہے اس عہدے کے لیے متحرک اور چست شخص کو ہونا چاہیے۔ بورڈ میں مختلف عہدوں پر کام کرنیوالوں کی عمر دیکھیں اور اندازہ کریں کہ ہمارا کرکٹ بورڈ کیسے چل رہا ہے سابق چیئرمین شہریار خان میٹنگ کے دوران ہی سو جاتے تھے۔