لاہور (صباح نیوز) لاہورکے تھانہ غالب مارکیٹ کی پولیس گردی سامنے آ گئی،میاں بیوی اور دو بچوں کو اغوا کرکے 24 گھنٹے تھانے میں محبوس رکھا اور 80 ہزار روپے رشوت لے کر چھوڑ دیا،کمسن بچی نے ویڈیو بنا ڈالی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے فورٹریس سٹیڈیم سے شہری امجد، اسکی اہلیہ او ر دو کم سن بچوں کو پولیس وین میں اغوا کیا گیا اور 24 گھنٹے محبوس رکھا ۔ تھانہ غالب مارکیٹ کی پولیس نے خاندان سے10 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا جس کے بعد80 ہزار روپے پر مک مکا ہوا۔جب خاتون فیروزہ نے 80 ہزار روپے کانسٹیبل مشتاق کو تھمائے تو اس کی کمسن بیٹی نے موبائل سے فوٹیج بنالی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کانسٹیبل مشتاق نے ٹیبل کے نیچے کر کے رقم گِنی اور پھر دراز میں رکھ لی۔رہائی پاتے ہی شہری امجد نے سی سی پی او کو درخواست دے دی،ایس ایس پی ایڈمن نے انکوائری شروع کی تو اے ایس آئی امتیاز اور کانسٹیبل مشتاق معافی تلافی پر آ گئے اور لکھ کر معافی مانگی۔معافی نامے میں لکھا کہ امجد کی فیملی کو شبہ پر حراست میں لیا،تفتیش میںبے گناہ نکلے،رشوت میں لی گئی 80 ہزار رقم اور 3 تولے سونا واپس کرنے کو تیار ہیں۔پولیس کے مطابق شہری امجد کے خلاف پہلے سے منشیات اور اسلحہ فروشی کے مقدمات درج ہیں،تاہم انکوائری جاری ہے۔