معاشی ترقی کیلئے پاکستان سائنس وٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دے‘ پالیسی ریفارمز انسٹیٹیوٹ

May 27, 2018

لاہور( کامرس رپورٹر) تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ فار پالیسی ریفارمز کی تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جی ڈی پی میں مینو فیکچرنگ کا حصہ چودہ فیصد سے بھی کم ہے جبکہ بھارت کا یہ حصہ تیس فیصد اور بنگلہ دیش کی جی ڈی پی کا اٹھائیس فیصد ہے دنیا صنعتی ترقی میں فورتھ جنریشن انقلاب کی طرف جا رہی ہے جبکہ پاکستان عام مینو فیکچرنگ میں بھی بہت پیچھے ہیپاکستان کی معیشت میں بہتری اس وقت تک ممکن نہیں ہو سکتی ہے جب تک اس کی برآمدات میں زیادہ اقدار والی اشیاء زیادہ سے زیادہ مقدار میں شامل نہیں کی جاتیں لہٰذا اس مقصد کیلئے پاکستان کو چاہیے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی پر زیادہ توجہ دے ۔آئی پی آر کی یہ رپورٹ اور شفارشات سابق وفاقی وزیر اور چیئر مین ہائر ایجو کیشن کمیشن ڈاکٹر عطاء الرحمن نے پاکستانی معیشت کے مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے تیار کی ہیں ۔آئی پی آر رپورٹ کے مطابق پاکستان کی برآمدات میں سب سے اہم برآمد ٹیکسٹائل کی ہے جو کہ پاکستانی برآمدات کا ساٹھ فیصد ہے جبکہ عالمی برآمدات میں یہ حصہ صرف چھ فیصد بنتا ہے مجموعی طور پر صنعتی طریقے سے تیار کی گئی اشیا ء عالمی تجارت کا 67فیصد ہیںجبکہ پاکستان کاعالمی تجار ت میں حصہ انتہائی محدود ہے اس کی بڑی وجہ زیادہ اقدار والی اشیاء کا نہ بنانا اور نہ ہی برآمد کرنا ہے یہی وجہ ہے کہ برآمدات میں اضافہ نہیں ہو پا رہا ۔اس کے علاوہ پاکستان کی معیشت میں کو ئی جدت بھی نہیں ہے اور نہ ہی صنعتی سیکٹر جدید طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے ۔پاکستان کی جی ڈی پی میں مینو فیکچرنگ کا حصہ چودہ فیصد سے بھی کم ہے جبکہ مشرقی ایشیاء کی معیشتوں میں یہ جی ڈی پی 37سے 43فیصد تک ہے۔ مینو فیکچرنگ بھارت کی جی ڈی پی کا تیس فیصدہے جبکہ بنگلہ دیش کی جی ڈی پی کا اٹھائیس فیصد ہے ۔مینو فیکچرنگ اور معیشت کی گروتھ کیلئے ضروری ہے کہ ایس این ٹی پالیسی معیشت کے تمام پہلوئوں پر لاگو کی جائے نیز اس کو موثر بنانے کی بھی ضرورت ہے اس کے علاوہ حکومتی سطح پر اسے اولین ترجیح دی جائے ۔آئی پی آر کی ایس این ٹی پالیسی کافی اجزاء مشتمل ہے جس میں تعلیم ،فنی تربیت ،ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ ،سپیشلا ئزڈ ،فنی ادارے اور ان کی نگرانی و جانچ پڑتال کیلئے ایک اعلیٰ معیار کے نظام کا قائم کرنا ہے ۔آئی پی آر کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس وقت پاکستان کی تعلیمی حالت انتہائی کمزور ہے لہٰذا اس وقت ملک کے اندر نیشنل ایجوکشن ایمرجنسی کا اعلان کیا جائے اور اس پر جنگی طریقوں سے عمل پیرا کیا جائے ۔آئی پی آر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اعلیٰ کوالٹی اشیاء کی پیداوار کیلئے ضروری ہے کہ ان کی نگرانی اور جانچ پڑتال کیلئے اعلیٰ قسم کی ادارے بنائے جائیں ۔بیرون ملک سے پاکستان میں نالج کی منتقلی بھی اعلیٰ قسم کی انڈسٹری کیلئے ضروری ہے ۔دنیا ڈرائیوروں کے بغیر کار اور فیکٹریوں میں روبوٹ لا رہی ہے جبکہ پاکستان ابھی عام صنعت کاری بھی نہیں کر پا رہا ہے ۔ پاکستان کیلئے بڑا چیلنج یہ ہے کہ یہ نہ صرف مینو فیکچرنگ میں سپیڈ پکڑے بلکہ نئی اور جدید قسم کی ٹیکنالوجی بھی اپنائے اس کے علاوہ پاکستان کو فوری طور پر انجینئرنگ ٹیکنالوجی میں بھی قابلیت لانا ہو گی ۔ایس این ٹی پالیسی کو کامیابی سے لاگو کرنے سے ملک کے اندر صنعتی اور زرعی ترقی میں تیزی آئے گی لہٰذا سائنس اور ٹیکنالوجی کو اپنا کر ہی ملکی صنعتی ترقی کو ممکن بنا یا جا سکتا ہے ۔

مزیدخبریں