بھارت میں شیوسینا اور بی جے پی آمنے سامنے، ایک دوسرے پر الزامات

May 27, 2018

ممبئی(کے پی آئی )بھارتی ریاست مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کے شیو سینا پر دھوکہ دینے کا الزام لگائے جانے کے بعد اب شیو سینا نے بی جے پی جم کر حملہ بولا ہے۔ شیو سینا نے بی جے پی کو ’سنکی خونی‘ بتاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے راستے میں جو بھی آرہا ہے، وہ اسے خنجر مار رہی ہے۔شیو سینا نے ورار میں ریلی کے دوران چھترپتی شیوا جی کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کرتے وقت اپنی کھڑاو نہ اتارنے کے لئے اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی مذمت کی۔ یوگی آدتیہ ناتھ پال گھر لوک سبھا ضمنی الیکشن کے لئے ریلی کرنے آئے تھے۔ شیو سینا نے کہا اترپردیش کے ڈھونگی وزیراعلیٰ نے انتخابی مہم کے لئے پال گھر کا دورہ کیا اور کہا کہ شیو سینا نے بی جے پی کی پیٹھ میں خنجر گھونپا، یہ دکھاتا ہے کہ وہ چھترپتی شیوا کی تاریخ کو نہیں سمجھ پائے ہیں۔پارٹی نے الزام لگایا کہ بی جے پی ایک پاگل قاتل کی طرح بن گئی ہے جو اپنے راستے میں آنے والے کسی کو بھی خنجر ماررہی ہے۔شیو سینا نے کہا کہ بی جے پی نے پال گھر ضمنی الیکشن کے لئے کانگریس کے سابق لیڈر راجیندر گاوت کو امیدوار بنایا اور فوج کے خلاف بول رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ یا دیویندر فڑنویس کو پیٹھ میں خنجر گھونپنے جیسی زبان زیب نہیں دیتی ہے۔

مزیدخبریں