اسلام آباد(صباح نیوز، نوائے وقت رپورٹ) مالی سال برائے20 2019-کے مجوزہ بجٹ میں آئی ڈی پیز اوردفاعی پیداوار سمیت متعدد وزارتوں کے ترقیاتی بجٹ میں اربوں روپے کی کٹوتی کا امکان ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے آئندہ مالی سال کے لئے کئی وزارتوں کے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ مالی سال کا پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام 675ارب روپے مختص کرنے کا امکان ہے جبکہ بجٹ میں 250 ارب روپے متبادل ذرائع سے پی ایس ڈی پی میں ترقیاتی بجٹ کے طور پرشامل کیے جائیں گے۔ مالی سال20 2019- میں مذہبی امور اور شماریات ڈویژن کے لئے ترقیاتی بجٹ کی مد میں ایک روپیہ بھی مختص نہ کئے جانے کاامکان ہے۔رواں مالی سال انسداد منشیات ڈویژن کا ترقیاتی بجٹ 14 کروڑ 70 لاکھ ہے لیکن آئندہ مالی سال اس کے ترقیاتی بجٹ میں ایک کروڑ روپے سے زائد کمی کی تجویز دی گئی اور 20 2019-کے لیے اس مد میں 13 کروڑ 52 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔آئندہ مال سال کے لیے دفاعی پیداوار کا بجٹ 2 ارب 73 کروڑ روپے سے کم کر کے ایک ارب 70 کروڑ روپے کرنے کا امکان ہے۔ دریں اثناء مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت بجٹ تجاویز کا جائزہ اجلاس ہوا۔ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے ٹیکس اقدامات سے متعلق سفارشات پیش کیں۔ مشیر خزانہ نے ایف بی آر کو ٹیکس جمع کرنے کا عمل آسان بنانے کی ہدایت کردی۔ چیئرمین ایف بی آر نے ٹیکس دائرہ کار بڑھانے اور حکومتی وصولوں میں اضافے کے لئے ممکنہ اقدامات پر روشنی ڈالی،مشیر خزانہ نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے اقدامات کیے جائیں، ایف بی آر ٹیکس وصولیوں میں اضافے کو یقینی بنائے۔