لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیرالمومنین حضرت علی کا یوم شہادت آج 21 رمضان المبارک کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائیگا۔ اس دن کی ملک بھر میںمجالس اورسیمینارز کا انعقاد کیا جائیگاجن میں حضرت علیؓ کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالی جائیگی جبکہ چھوٹے بڑے شہروں میں یوم شہادت کی مناسبت سے تعزیہ کے جلوس بھی نکالے جائیں گے۔ لاہور میں اندرون شہر مبارک حویلی موچی دروازے سے آج صبح 9 بجے مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں اندرون موچی دروازہ، محلہ شیعیاں کشمیریاںسے ہوتا ہوا چوہٹہ مفتی باقر اور کوتوالی چوک پہنچے گا، جہاں جلوس کے شرکاء نماز ظہرین ادا کریں گے، نماز کے بعد مرکزی جلوس رنگ محل، پانی والا تالاب، ٹبی سٹی، بازار حکیماں سے ہوتا ہوا بھاٹی چوک پہنچے گا اور شام 6 بجے کے قریب کربلا گامے شاہ میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا،اس موقع پر مجلس عزا بھی ہوگی ۔