ایران گیس منصوبے کی خلاف ورزی پربھاری جرمانہ اداکرنا پڑیگا:حبیب الرحمان

May 27, 2019

لاہور(سٹاف رپورٹر)ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ نے حکومت سے پاک ایران گیس منصوبے کی بندش کی بجائے فوری تکمیل کیلئے اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان کو بھاری جرمانہ ادا کر نا پڑے گا جو کسی صورت ہمارے مفاد میں نہیں۔ اس موقع پر خواجہ عطا ء الرحمان، ضیا ء الرحمان،صاحبزادہ بلال چشتی اورعثمان بٹ سمیت دیگر بھی موجودتھے۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک میں مصنوعات کی مشترکہ نمائش کا انعقاد کیا جائے گا جس سے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ ایران اپنے علاقے میں900 کلومیٹر تک گیس پائپ لائن بچھا کر سرحد تک لے آیا ہے جبکہ ہم ضرورت مند ہونے کے باوجود ابھی تک اپنے علاقے میں 800کلومیٹرتک پائپ لائن نہیں بچھا سکے ۔پاکستان نے جب یہ معاہدہ کیا تھا اس وقت بھی ایران پر امریکی پابندیاں تھیں ۔پا ک ایران گیس منصوبے کی تکمیل سے توانائی بحران کا خاتمہ اورہماری انڈسٹری کو سستی گیس ملے گی جس سے لوگوں کے لئے روز گار کے مواقع بڑھیں گے۔انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔

مزیدخبریں