جاپان،280 غیر ملکیوں نے ہوٹلنگ کے شعبے میں کام کی اجازت کا امتحان پاس کر لیا

ٹوکیو(آن لائن)جاپان کی ہوٹلوں سے متعلقہ صنعت میں کام کے خواہشمند 280 غیر ملکیوں نے ملک میں افرادی قوت کی قلت سے نمٹنے کیلئے بنائے گئے نئے نظام کے تحت ویزا کے امتحان میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ بزرگوں کی دیکھ بھال اور ریستوران سمیت 14 شعبوں میں امتحانات کا آغاز اپریل میں ہوا تھا۔ہوٹلنگ سے متعلق شعبے کے پہلے امتحان کے نتائج کا اعلان گزشتہ کے روز کیا گیا۔منتظمین کے مطابق امتحان میں 391 افراد شریک ہوئے جبکہ ان کی 71.6 فیصد تعداد نے کامیابی حاصل کی۔کامیاب افراد جلد از جلد رواں موسم گرما سے کام کا آغاز کر سکیں گے، تاہم اس کا انحصار ان کے جاپانی زبان میں مہارت کے امتحان کے نتائج پر ہوگا۔نئی قسم کے ویزا کے تحت غیر ملکی افراد جاپان کے ہوٹل یا روایتی سرائے میں کمروں کی درستگی وغیرہ کا کام کر سکیں گے۔ وہ ریستوران میں بھی خدمات انجام دے سکیں گے۔ پہلے انہیں صرف استقبالیہ ڈیسک پر، اور مترجم کے طور پر کام کرنے کی ہی اجازت تھی۔جاپان کی سیاحتی ایجنسی کو توقع ہے کہ آئندہ 5 سالوں میں 22 ہزار تک غیر ملکی باشندے اس شعبے میں کام کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن