بھارت تنگ نظری، پاکستان سے متعلق مثبت حوالہ دینے پر خاتون ٹیچر معطل

اترپردیش(این این آئی)بھارت کی ریاست اترپردیش میں نجی اسکول کی استاد کو ’پاکستان سے متعلق مثبت حوالہ‘ دینے پر معطل کردیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ضلع گورکھپور کے ایک نجی اسکول کی خاتون استاد کو اس وقت انتہائی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب وہ کرونا وائرس کی وجہ سے کلاس چہارم کے بچوں کو انگریزی مضمون پر آن لائن گرائمر پڑھارہی تھیں۔رپورٹ کے مطابق 30 سالہ شاداب خانم بچوں کو’ ’اسم‘‘ سمجھانے کی کوشش کررہی تھیں کہ اس دوران ان سے واٹس ایپ گروپ میں ’پاکستان نواز‘ جملہ شیئر ہوگیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سکول حکام نے شاداب خانم کو ’پاکستان نواز‘ جملہ شیئر کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کرکے ایک ہفتے کے اندر جواب طلب کرلیا۔علاوہ ازیں سکول حکام نے مذکورہ معاملے اور اب تک کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات گورکھپور ضلعی انتظامیہ کو ارسال کردیں۔دوسری جانب شاداب خانم نے کہا کہ انہوں نے انٹرنیٹ سے متنازع جملے کو کاپی کیا اور اچھی طرح پڑھے بغیر واٹس ایپ گروپ میں شیئر کردیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک غلطی تھی اور اپنی غلطی کا احساس ہونے کے فوراً بعد معافی نامہ پوسٹ کیا۔اس ضمن میں شاداب خانم کے شوہر محمد ہاشم نے کہا کہ ان کی اہلیہ شاداب خانم کی طبیعت ’ٹھیک نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ آن لائن کلاس کا پہلا دن تھا اور شاداب خانم انٹرنیٹ سے متعلق زیادہ واقف نہیں ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق طلبہ کے والدین کی جانب فون کرنے کے بعد شاداب خانم کو اپنی غلطی کا احساس ہوا تو انہوں نے طلبہ کو پاکستان کی جگہ بھارت کا استعمال کرنے کو کہا اور واٹس ایپ گروپ پر معافی نامہ بھی پوسٹ کیا۔شاداب خانم کے شوہر ہاشم نے بتایا کہ انہیں ابھی تک معطل کرنے سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا بلکہ صرف سکول حکام نے شاداب کو کچھ دن کام نہ کرنے کا کہا ہے۔دوسری جانب سکول کے منیجر جی پی سنگھ نے بتایا کہ شاداب خانم کو معطل کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے خلاف تحقیقات کا بھی حکم دیا گیا ہے۔جی پی سنگھ نے مزید بتایا کہ شاداب خانم جو سکول میں قریب ایک دہائی سے پڑھا رہی ہیں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا اور انہوں نے معذرت بھی کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن