اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فوادچوہدری نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ رمضان سے قبل اسلام آباد اورگوادرمیں چاند دیکھنے کیلئے رصدگاہیں قائم کی جائیں گی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ مذہبی تہواروں سے اتفاق اوریکجہتی کااظہارہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اگلے رمضان سے قبل اسلام آباد میں چانددیکھنے کیلئے رصدگاہ (آبزرویٹری) قایم کی جائیگی، گوادرمیں بھی رصدگاہ بنانے کی کوشش کی جائیگی، ان رصد گاہوں میں عام شہری خود جاکر چاند دیکھ سکیں گے اوراس سے چاند دیکھنے کا مسئلہ مستقل طورپرحل ہوجائیگا۔انہوں نے کہاکہ رویت ہلال کمیٹی ، مفتی منیب الرحمان اورعلمائے کرام کا کرداربھی اہمیت کا حامل ہے، آج پوری قوم ایک ساتھ مل کر عید منارہی ہے اس میں علمائے کرام نے اہم کرداراداکیاہے۔ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چاند واضح طور پر دوسرے دن کا چاند ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اﷲ پوری قوم نے ایک عید منائی۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ ہمیں توفیق دے کہ ہم اپنے تہواروں کو اتحاد، اتفاق اور محبت کے جذبوں میں پرو سکیں۔
آئندہ رمضان سے قبل اسلام آباد ‘ گوادر میں چاند دیکھنے کیلئے رصد گاہیں قائم کریں گے‘ فوادچوہدری
May 27, 2020