پنجاب حکومت دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) عثمان بزدار نے عید الفطر کی نماز وزیراعلیٰ آفس کے لان میں ادا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔ ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور قیام امن کیلئے دعا کی اور کرونا اور طیارہ حادثے کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے بھی دعا مانگی۔ عثمان بزدار عیدالفطر کی نماز پڑھنے کے بعد طیارہ حادثہ میں شہید پائلٹ کیپٹن سجاد گل کی رہائش گاہ ڈیفنس گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہید پائلٹ سجاد گل کے والد گل محمد بھٹی، اہلیہ، بیٹے عثمان، بیٹی اور دیگر اہل خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ شہید کے والد، اہلیہ، بیٹے، بیٹی اور دیگر اہل خانہ کو دلاسہ دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پائلٹ سجاد گل نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا بلند رتبہ پایا اور ہمارا ایمان ہے کہ شہید زندہ ہوتے ہیں۔ کراچی طیارہ حادثہ ایک قومی سانحہ ہے جس پر قوم افسردہ ہے۔ پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔عثمان بزدار عید کے پہلے روز طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ خالد شیر دل کی رہائش گاہ جی او آر ون بھی گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہید خالد شیر دل کی والدہ، بھائی مجاہد شیردل اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چاند رات اور عید پر بازاروں اور مارکیٹوں میں کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔ عوام کو ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے احتیاط کے دامن کو ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے۔ حکومتی اقدامات پر عملدر آمد میں ہی شہریوں اور ان کے پیاروں کی حفاظت ہے۔ شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سماجی فاصلے برقراررکھیں کیونکہ آج کا وقتی فاصلہ مستقل فاصلوں سے بچائے گا۔ احتیاط، حفاظتی تدابیر اور حکومتی اقدامات پر عملدرآمد سے کرونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملے گی۔ ہمارا ہر قدم اپنے عوام کے لیے ہے۔ عید کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر مزید فیصلے کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عید پر کرونا مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید کے لمحات ہسپتال میں گزارنے والے ہیلتھ پروفیشنلز قابل تحسین ہیں۔ عثمان بزدار نے روجھان میں کچے کے علاقے میں تین پولیس اہلکاروں کے اغوا ء کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ مظفر گڑھ کے قریب دریائے چناب میںڈوبنے سے دو بہنوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ قصور کے علاقے میں حافظ قرآن طالبعلم کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ واقعہ میں ملوث گرفتار ملزم قانون کے تحت عبرتناک سزا کا حق دار ہے۔ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا عمل جلد مکمل کر کے چالان عدالت میں پیش کیا جائے۔ وزیراعلیٰ عید کے تیسرے روز بارتھی بھی گئے۔ بزدار ہائوس بارتھی میں قبائلی عمائدین اور علاقے کے لوگوں سے ملاقات کی اور لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنے والد سردار فتح محمد خان بزدارمرحوم کی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کچی وانگا بھی گئے اور ملک احمد خان کے انتقال پر اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ میںعید کے موقع پر بھی اپنے علاقے کے عوام کے ساتھ ہوں۔ سابق حکمرانوں نے پنجاب کے پسماندہ علاقوںکو یکسر نظر انداز کیا۔ ماضی کے حکمرانوں کی غلط ترجیحات کے باعث دوردراز علاقوں کے لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہوا۔ نمائشی حکمرانوں نے ذاتی نمود و نمائش کے منصوبے شروع کیے اور ان منصوبوں کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا بلکہ قومی وسائل ضائع کیے گئے۔ ماضی کی طرح عوام کو دھوکہ نہیں دیںگے،کام کریںگے۔ بلوچستان کے پسماندہ ترین ضلع موسی خیل کا دورہ کیا۔ قبائلی عمائدین اور دیگر شخصیات نے ملاقات کی،عثمان بزدار نے اس موقع پر پنجاب حکومت کی جانب سے موسی خیل میں ریسکیو 1122سٹیشن کے قیام، بینک آف پنجاب کی برانچ کے قیام اور اے ٹی ایم لگانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے موسی خیل میں نادرا کا دفتر بھی قائم کرنے کا اعلان کیا اور کہاکہ اس ضمن میں وفاقی حکومت سے رابطہ کر کے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ موسی خیل میں کالج کے لئے بسیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...