سعودی عرب: سرکاری شعبہ کی31 مئی سے بتدریج بحالی اوراندرون ملک پروازیں چلانےکا اعلان

سعودی عرب نے اتوار31 مئی سے اندرون ملک پروازوں کی بحالی کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ سرکاری شعبے کے ملازمین بھی اسی تاریخ سے بتدرج اپنے دفاتر میں آنا شروع ہوجائیں گے اور 14 جون تک تمام سرکاری عملہ دفاتر میں مکمل طور پر حاضر ہوجائے گا۔سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شہری ہوابازی نے منگل کی شب ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی فضائی کمپنی کی مرحلہ وار اندرون ملک پروازیں چلائی جائیں گی اور آیندہ دوہفتوں میں تمام داخلی مقامات (ہوائی اڈوں) پر پروازوں کی آمد ورفت شروع ہوجائے گی۔اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ وہ مقامی مارکیٹ کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے ہوائی اڈوں ، فضائی کمپنیوں اور شہری ہوابازی کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ مربوط انداز میں کام کررہی ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 20 مارچ کو اندرون ملک تمام پروازیں معطل کردی تھیں اور انھیں اب سوا دو ماہ کے بعد بحال کیا جارہا ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اپنے بیان میں مزید بتایا ہے کہ اس نے اندرون ملک پروازوں کی بتدریج بحالی کے لیے اپنی آپریشنل تیاریاں مکمل کرلی ہیں تاکہ تمام سعودی ہوائی اڈوں پر مسافروں کے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جاسکے۔اس دوران میں صحت کے تحفظ کے لیے تمام ضروری تدابیر اختیار کی جائیں گی۔

دریں اثناء سعودی عرب کےانسانی وسائل اور سماجی ترقی کے وزیر احمد بن سلیمان الراجحی نے ایک نشری تقریر میں سرکاری شعبے کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ  دو ماہ کی بندش کے بعد اب کاروبار پر واپسی اور سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا وقت آگیا ہے کیونکہ معاشی پہیّا چلانے کے لیے یہ ایک لازمی عنصر ہے۔البتہ انھوں نے واضح کیا ہے کہ  کام پر واپسی اور سرگرمیوں کی بحالی کا یہ مطلب نہیں کہ حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پابندی اٹھا لی گئی ہے۔ہم ملازمین کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کا جائزہ لے رہے ہیں۔ہم نے ملازمین کے کام کی جگہوں پر جانے اور وہاں سے واپسی کے لیے ایک لچک دار نظام کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔اس سے چندے قبل سعودی عرب نے دو مراحل میں کرونا وائرس کے تعلق سے عاید کردہ پابندیوں میں نرمی ، بعض معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی اور ''معمول'' کی صورت حال کی بحالی کا بھی اعلان کیا تھا۔کرونا پابندیوں میں نرمی کے اس فیصلے کے تحت مکہ مکرمہ کے سوا ملک بھر کے تمام علاقوں میں لوگوں کو صبح چھے بجے سے سہ پہر تین بجے تک آزادانہ نقل وحرکت کی اجازت ہوگی۔سعودی حکومت نے آیندہ جمعہ سے مساجد کو بھی پنج وقتہ نمازوں کی ادائی کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔سعودی عرب میں کرونا وائرس میں مبتلا 12 مریض چل بسے ہیں اور 1931 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔اب تک کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد411 ہوچکی ہے اور کل 76726 افراد اس مہلک وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔
ٹیگز

ای پیپر دی نیشن