ٹِڈی دَل (Locust) تدارک کیسے ہو؟

ٹِڈی دل حشرات الارض میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔ یہ دنیا کے چند اہم حشرات میں سے ہے جو کہ بہت ہی زیادہ نقصان دہ شمار کیے جاتے ہیں۔ دنیا کے بیس سے زیادہ افریقی اور ایشیائی ممالک اس کے ہدف ہیں اور لاکھوں انسانوں کی خوراک کو یہ دِنوں میں چَٹ (کھا جاتے ہیں) کر جا تے ہیں۔ یہ ہر طرح کا سبزہ ، جس میں فصلات ، سبزیات اور پھلوں کی کھیتی کے علاوہ ہر اُگنے والی سبز چیز کو یہ کھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگرچہ ان کی غیر معمولی تباہ کاری کو چند دہائیوں میں خاطرخواہ کنٹرول کر لیا گیا ہے لیکن غیر معمولی موسمی تغیریات ، اس کے دنیا میں پھیلنے کا بنیادی سبب بن رہے ہیں،جوانسانوں کی زمینی ذخیروں کے بے تحاشا اور اندھا دھند استعمال سے وقوع پذیر ہو رہی ہیں۔ اگرچہ ٹِڈی دل کو خاطرخواہ طریقے سے بڑھنے سے روکا جا سکتا ہے تاہم اس کے نقصانات معاشی ، معاشرتی اور بین الاممالک میں کئی طرح کے مسائل کے جنم کا باعث بنتے ہیں۔ اس کا مؤثر تدارک اس کی زندگی کے دورانِ حیات اور ماحول میں ہونے والی تبدیلیوں سے اس کے پھیلنے ، مؤثر نگرانی اور مختلف طریقہ انسداد سے ممکن ہے ۔ انسان نے جب سے زراعت سے وابستگی اختیار کی ہے، ٹِڈی دل اس کی فصلوں پر حملہ کرنے والا سب سے شدید اور نقصان دہ حشرات الارض ہے۔ ٹڈی دل کی سو سے زیادہ انواع و اقسام ہیں اور یہ ہر دسویں انسان کی زندگی کو متاثر کرتا ہے۔ ان کا فصلوں میں آنا اور نقصان کرنا دوسرے نقصان دہ حشرات سے مختلف ہے۔ کیونکہ یہ اپنی زندگی میں دو طرح کے روپ اختیار کرتا ہے۔ نقصان دہ شکل جس میں یہ بہت بڑے غول کی طرح ، لاکھوں کروڑوں کی تعداد میں سینکڑوں میل کا سفر روزانہ کرکے لاکھوں ایکڑ پہ کھڑی فصلات کو نقصان پہنچاتے
ہیں ۔ یہ نقصان نہ صرف دیہی علاقوں کے لوگوں کی خوراک ، ان کی معاشی ، معاشرتی اور موسمیاتی نقصانات کا باعث بنتی ہے بلکہ ان کی زندگیوں کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیتے ہیں۔ دوسرے طرف ٹڈی دل کے کنٹرول کے دوران زہروں کے استعمال سے ماحول کو شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گذشتہ نصف صدی کے دوران ٹڈی دل کے کنٹرول میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے جس سے انسان ہزاروں سال سے لڑتا چلا آیا ہے۔ جدید سٹیلائیٹ ٹیکنالوجی سے ٹڈی دل کی زندگی کے دورانِ حیات میں موسمی تبدیلیوں کی جانچ ، کنٹرول کے آلات اور ان کے جدید طریقوں کے استعمال سے اس کو کنٹرول کرنے میں بہت بہترآئی ہے۔
ٹڈی دل کا مؤثر تدارک
ٹڈی دل کے مؤثر تدارک کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ حکومتی سطح پر اس کے تدارک کے لیے حکمتِ عملی واضح کرنے اور جنگی بنیادوں پر کام کرنے سے ہی کوئی بھی ملک اس کو کنٹرول کر سکتا ہے۔ کیونکہ کسان یا زمیندار اپنی سطح پر اس کو کنٹرول کر سکتے ہیں مگر ٹڈی دل کا وسیع علاقے پر حملہ اور نقصان کرنے کی صلاحیت بڑے علاقے پر حکومتی مدد کے بغیر نا ممکن ہے۔ ٹڈی دل ایک کھیت سے دوسرے کھیت اور ایک گائوں سے دوسرے گائوں انتہائی سرعت سے منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں جو کہ حکومت کی مدد اور دیہات کے لوگوں کا آپس میں مل جل کر اسے کنٹرول کرنا ہی بہترین حکمتِ عملی کا بڑا حصہ ہے۔ ٹڈی دل کا بہترین تدارک اس کا دل (Swarm) کی شکل میں بننے کے لیے موسم ، خوراک، زندگی کا دورانِ حیات اور زیادہ آبادی کے علاقوں کا صحیح نشاندہی کا ہونا اور ان مقامات پر ٹڈی دل کا دل (Swarm) اپنی بنیادی شکل میں ہی مؤثر طریقے سے کنٹرول ، اس کے مزید پھیلنے اور دوسرے علاقوں اور فصلات کو نقصان پہنچانے کی حالت سے بچا یاجا سکتا ہے۔ لیکن یہ کام بعض اوقات کافی مشکل ہوتا ہے کیونکہ بعض علاقوں تک رسائی نا ممکن ہوتی ہے ، حتیٰ کہ شروع میں دل (Swarm) بننے کی حالت میں موجودہ ٹڈی دل کے کنٹرول میں وقفے کا ہونا یا پہچان کا نہ ہونا بھی اس کے مزید پھیلنے کا باعث بنتا ہے۔ بالغ ٹڈی دل (Swarm) کی پہنچان قدرے آسان ہے جب کہ اس کے بچوں (Hoppers) کے جھنڈ کو پہچاننا کافی مشکل امر ہے۔ اگر کہیں ٹڈی دل نظر آجائے تو اس کے تدارک کے لیے عموماً ایک سے زیادہ بار سپرے کرنا پڑتا ہے۔ ایف اے او (FAO) اور پلانٹ پروٹیکشن (Plant Protection) کے ادارے اسی امر میں باخبر کرتے ہیں جہاں پر ٹڈی دل یا تو آنے والا ہے یا اس کی وجہ سے وہ کن علاقوں میں جا سکتا ہے تاکہ اس کا بروقت ملکی سطح پر تدارک ہو سکے۔المختصر ٹڈی دل کے بہترین تدارک کے لیے ریتلے علاقوں میں بارشوں کا زیادہ ہونا، جدید ٹیکنالوجی جس میں موبائل فون کے ذریعے سے ٹڈی دل کے جھنڈ کی ایک علاقے سے دوسرے علاقے کی طرف حرکت یا پرواز کے بارے میں تیز تر کمیونیکیشن (Fastest Communication) ، سٹیلائیٹ سسٹم کا جھنڈ کی تعداد ، اس کی متوقع موجودگی اور ممکنہ علاقوں کی طرف پرواز کا نظام ، زمینی اور ہوائی مدد سے ٹڈی دل کے جھنڈ اور ہاپر بینڈز (Hopper Bands) کا مؤثر کنٹرول وقت کی اہمی ضروریات میں شامل ہے۔ خاص طور پر جب یہ جھنڈ غیر زرعی اور غیر آباد علاقوں میں موجود ہو تو اس کے لیے زرعی زہروں لمبڈا سائی ہیلو تھرین
(Lambda-Cyhalothrin) ، ڈیلٹا میتھرین (Deltamethrin) ، فیرونیل (Fipronil) ، میلا تھیان (Malathion) کا سپرے ، ہوائی جہاز ، ہیلی کاپٹر یا ڈرون سپرے کے ذریعے سے زیادہ مؤثر ہو سکتا ہے۔ ہاپرز یا چھوٹے ٹڈی دل کی موجودگی میں آئی جی آرز (IGRs) کا سپرے ان کو مارنے اور ان کی بڑھوتری کو روکنے میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن