اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز) بولیویا سے تعلق رکھنے والے تین نوجوان بھائیوں نے اسپائڈر مین بننے کی خواہش میں خود کو بلیک ویڈو نامی مکڑی سے کٹوا لیا، جس کے بعد تینوں کو ہسپتال منتقل کرنا پڑا۔فاکس نیوز کی رپورٹ کے مطابق 8، 10 اور 12 سالہ ان نوجوان بھائیوں کا خیال تھا کہ اگر انہیں یہ زہریلی مکڑی کاٹ لے تو ان میں ہولی وڈ سپر ہیرو اسپائڈر مین جیسی طاقتیں آسکتی ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ان تینوں بھائیوں نے ایک لکڑی کی مدد سے اس مکڑی کو جان کر اپنی جانب متوجہ کیا تاکہ وہ انہیں کاٹ لے۔زہریلی مکڑی کے کاٹتے ہی ان میں چند علامات ظاہر ہونا شروع ہوئیں جس کے بعد ان کی والدہ فوری طور پر انہیں مقامی ہسپتال لے کر گئی، جہاں ان کی صحت مزید خراب ہونے کے بعد انہیں شہر کے دوسرے بڑے ہسپتال منتقل کیا گیا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مکڑی کے کاٹنے کے بعد ان تینوں کو پسینا آنا شروع ہوگیا جس کے بعد تیز بخار اور جھٹکے پڑنا شروع ہوئے۔ڈاکٹرز کی جانب سے جسم سے مکڑی کا زہر نکالنے کے بعد ان کی صحت میں بہتری نظر آئی جس کے بعد ان تینوں کو چند روز بعد ہسپتال سے گھر بھیج دیا گیا۔رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ بلیک ویڈو نامی یہ مکڑی عمومی طور پر کسی پر حملہ نہیں کرتی، البتہ جب اسے خود خطرہ محسوس ہو تو یہ اپنی حفاظت کے لیے حملہ کرتی ہے۔
اسپائڈر مین بننے کی خواہش، نوجوان بھائیوں کو مہنگی پڑ گئی، اسپتال داخل
May 27, 2020