احسان مانی نے جمہوریت کے نام پر آمریت قائم کررکھی ہے : نعمان بٹ

لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے رکن محمد نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا نیا آئین جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ نئے آئین میں منتخب افراد کی حوصلہ شکنی آزادی اظہار کا گلا گھونٹنے کی کوشش ہے۔ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت قائم کر رکھی ہے۔ کرکٹ کے انتظامی امور اور اہم فیصلوں میں نامزد افراد کی اکثریت کا مطلب من پسند فیصلے کرنا اور اختلاف رائے کو ختم کرنا ہے۔ کرکٹ بورڈ کا آئین جمہوریت کی روح کے خلاف ہے۔ ملک بھر کے کرکٹ منتظمین، آفیشلز، کوچز اور کرکٹرز اس آمریت کو ختم کر کے دم لیں گے۔ ایم آر سی اے کے پلیٹ فارم سے احسان مانی اور وسیم خان کے غیر جمہوری اقدامات اور کھیل دشمن فیصلوں کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔ ڈیپارٹمنٹ کرکٹ اور علاقائی کرکٹ کے خاتمے سے ملک میں کھیل کے فروغ کی کوششوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ کلب کرکٹ ختم ہو کر رہ گئی ہے۔ سابق کرکٹرز کی طرف سے بھی محکمہ جاتی کرکٹ کی بحالی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جبکہ ملک بھر کے کرکٹ منتظمین علاقائی کرکٹ کی بحالی کیلئے میدان میں ہیں۔ہم سب نے مل کر ملک کے مقبول ترین کھیل کو بچانا ہے۔ کرکٹ بورڈ کا پیسہ چند افراد کی ماہانہ تنخواہوں پر خرچ ہونے کے بجائے کرکٹ اور کرکٹرز پر خرچ ہونا چاہیے۔ نچلی سطح کی کرکٹ ختم ہو گئی ہے، کلب، ڈسٹرکٹ سطح کے مقابلے نہیں ہو رہے ان حالات میں نوجوان کرکٹرز کہاں جائیں گے۔ کرکٹرز کو کھیل کے میدانوں کے ساتھ جوڑے رکھنے کیلئے محکمہ جاتی اور علاقائی کرکٹ کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ کھیل کا مستقبل محفوظ بنانے کیلئے احسان مانی اور ان کے نااہل افسران کو گھر جلد از جلد گھر بھیجنا بھی ضروری ہے۔

ای پیپر دی نیشن