امریکی دواساز ادارے مرک اینڈکو کا کرونا وائرس کے علاج کی ویکسین تیار کرنے کا اعلان

امریکا کے بڑا دوا ساز ادارے مرک اینڈ کو نے کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کے علاج کے لیے ایک گولی اور دو ویکسینیں تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔امریکی ادارے نے ایمری یونیورسٹی کی کرونا وائرس کے علاج کے لیے تحقیق کے بعد ویکسین کی تیاری کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔اب وہ دوسرے شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر ای بولا اور خسرے کی ویکسین کی ٹیکنالوجی پر مبنی نئی ویکسین تیار کرے گا۔مرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کینتھ فریزئیر نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ کی وجہ سے کمپنی کی قیادت میں تبدیلی کا عمل موخر کردیا گیا ہے۔اب معاشی سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں اور ادویہ ساز کمپنیوں میں ویکسین کی تیاری کے لیے ایک دوڑ لگی ہوئی ہے لیکن اس صورت حال میں ہماری کمپنی کو کسی ایک ملک کو سپلائی مہیا کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکے گا بلکہ شعبہ صحت کا عملہ اور کرونا وائرس کے خطرے سے زیادہ دوچار افراد کو ترجیحاً ویکسین مہیا کی جائے گی۔انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ” یہ ایک عالمی وبا ہے ، کوئی بھی ایک ملک اس سے نبرد آزما نہیں ہوسکتا اور ہم کسی ایک ملک کے گردا گرد سرحدیں نہیں کھینچیں گے۔اگر ہم کامیاب ہوجاتے ہیں،تو ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر ضرورت مند تک یہ ویکسین پہنچے۔خواہ وہ کہیں بھی رہتے ہوں۔مرک کے کرونا وائرس کی ویکسین کی تیاری کے اس اعلان کے بعد حصص میں ڈھائی فی صد اضافہ ہوا ہے۔اس سال کے دوران میں اسٹاک مارکیٹ میں اس کے حصص کی قیمت میں 16 فی صد کمی واقع ہو چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ فی الوقت یہ کہنا مشکل ہے کہ ایک کامیاب ویکسین کی لاگت کیا رہے گی لیکن مرک قابل برداشت قیمت پر رسد کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔نیز کمپنی اس کی وسیع پیمانے پر تیاری کے لیے شراکت دار بھی تلاش کرے گی تاکہ عالمی مانگ کو پورا کیا جاسکے۔مرک کووِڈ-19 کے کامل علاج کی تمام دواوں کی تیاری کے لیے کوشاں ہے اور اس نے وائرس کش مرکب ایڈ -2801 کے حقوق ملکیت کی خریداری سے بھی اتفاق کیا ہے ۔یہ دوا ایمری یونیورسٹی میں دریافت کی گئی تھی۔اس کے ایک اور بائیو ٹیکنالوجی کمپنی رج بیک بائیو تھراپیوٹکس نے پہلے حقوق حاصل کیے تھے۔اس دوا کا کلنیکل آزمائش سے ماقبل مرحلے میں تجربہ کیا گیا ہے اور اس کے حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔کمپنی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس مرکب کو گولی کی شکل میں بھی دیا جاسکتا ہے۔اس وجہ سے اس کا استعمال آسان ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن