ملک غضنفر عباس چھینہ کا عشائیہ، 15 پی ٹی آئی ارکان کی شرکت، تحفظات وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے رکھے جائینگے

لاہور  (نوائے وقت رپورٹ)  جہانگیر ترین گروپ کے بعد پنجاب میں تحریک انصاف کا ایک اور گروپ بھی سامنے آیا ہے جس میں 15 ارکان کے نام شامل ہیں۔ جہانگیر ترین گروپ کے بعد تحریک انصاف کا ہم خیال گروپ بھی حرکت میں آگیا ہے، اور گزشتہ رات ہم خیال گروپ کے 15 سے زائد اراکین کو عشائیہ دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق عشایئے میں سردار شہاب الدین خان، ملک غضنفر عباس چھینہ، سردار محی الدین خان کھوسہ، عامر عنایت خان شاہانی، اعجاز سلطان بندیشہ، نواب علی رضا خان خاکوانی، تیمور امجد لالی، بلال اصغر وڑائچ، کرنل (ر) غضنفرعلی شاہ، اعجاز خان جازی، فیصل فاروق چیمہ، گلریز افضل چن، علی اصغر خان لاہڑی اور احسن جہانگیر بھٹی شریک تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ عشایئے میں تمام راکان نے بجٹ میں ہم خیال گروپ کے لئے ترقیاتی سکیمیں شامل نہ کرنے پر شکوے و شکایات کے انبار لگا دیئے، تاہم اس بیٹھک میں فیصلہ ہوا کہ گروپ اپنے تمام تحفظات وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے سامنے رکھے گا، اور اس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن