اسلام آباد (وقائع نگار خصو صی + نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں کرونا وبا سے مزید 65 افراد جاں بحق اور 2 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق مجموعی ٹیسٹس 12,943,62 ہوگئے۔ مزید 2724 مثبت کیسز رپورٹ، مصدقہ مریضوں کی تعداد 908,576 ہوگئی۔ فعال مریض 60268 ہیں۔ 4 ہزار سے زائد مریض تشویشناک ہیں۔ ایک دن میں 4686 مریض صحت یاب ہوئے۔ وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ 19 سال سے زیادہ عمرکے شہری آج جمعرات سے کرونا ویکسین کے لئے رجسٹریشن کرائیں۔ اسد عمر نے ٹویٹ میں کہا کہ اب کرونا ویکسین کیلئے تمام آباد ی کی رجسٹریشن ہو گی۔ 37 ممالک سے پاکستان آمد پر مکمل سفری پابندیوں پر عمل درآمد شروع ہوگیا۔ کیٹیگری سی میں شامل ممالک کے مسافروں کی آمد کو این سی او سی کی اجازت سے مشروط کیا گیا ہے۔ دیگر ممالک سے پاکستان آنیوالے تمام مسافروں کا 72 گھنٹے قبل کرونا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ دنیا بھر میں ہلاکتیں 3499712 ہو گئیں، مزید 6لاکھ کیسز رپورٹ، تعداد 16کروڑ 85لاکھ 26ہزار سے تجاوز کر گئی۔ فیصل آباد میں مزید 10 مریض جاں بحق ہو گئے۔ حکومت نے آکسیجن کی درآمد پر ٹیکس مراعات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ایف بی آر نے 17 فیصد سیلز ٹیکس کی چھوٹ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اطلاق 14 مئی 2021 ء سے ہو گا۔ ٹیکس چھوٹ 6 ماہ کیلئے نافذ العمل ہو گی۔ آکسیجن کی بلاتعطل فراہمی کیلئے ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔