سندھ کا پانی پر سیاست چمکانا ملکی مفاد کیخلاف ہے،عثمان بزدار

May 27, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا آغاز لیہ سے کردیا ہے۔ اس پروگرام کو ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن میں باقاعدہ شروع کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال ڈویژن کے 48لاکھ خاندان اور ایک کروڑ 15لاکھ سے زائد افراد یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کے تحت مفت علاج معالجے کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔ اس پروگرام کے تحت ہر خاندان سالانہ سوا 7لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت حاصل کرسکے گا۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بہت جلد صوبہ پنجاب کا ہر شہری اس سہولت سے فیض یاب ہوگا۔ یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام پنجاب ایسا پراجیکٹ ہے جس کی مثال جنوبی ایشیا تو کیا شاید بیشتر ترقی یافتہ ممالک میں بھی نہ ملے۔ وزیراعظم عمران خان نے لیہ میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ ہسپتال 5ارب 73کروڑ 70لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا۔ وہ لیہ میں یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام اور اربوں  روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیا پنجاب بیسک ہیلتھ یونٹ سولرلائزیشن پروگرام میں لیہ کو شامل کیا گیا ہے اور اس کے 36بنیادی مراکز صحت کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ لیہ کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں سڑکوں کی تعمیرو توسیع و بحالی کے منصوبے شامل ہیں۔ لیہ میں شوگر کین سیس پروگرام کے تحت 40کروڑ روپے کی لاگت سے فارم ٹو مارکیٹ سڑکوں کی تعمیرو مرمت کی گئی ہے۔ ہم لیہ کو بھی بڑے شہروں کے برابر لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیہ میں یونیورسٹی کا قیام علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی بہادر کیمپس کو یونیورسٹی بنانے کا باقاعدہ اعلان کرتا ہوں۔ یونیورسٹی آف لیہ کا اپنا ایکٹ ہوگا۔ اس کے لئے 300 ملین روپے گرانٹ دی جائے گی۔ لیہ میں 6گرلز کالج اور امیر الدین والا میں بوائز ڈگری کالج کا اعلان کرتا ہوں۔ تعلیم کا فروغ تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ لیہ کے 367سکولوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ چوک اعظم ٹی ایچ کیو میں ٹراما سنٹربنایا جائے گا اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لیہ میں ڈینٹل وارڈ، ٹی ایچ کیو کہروڑ میں چلڈرن وارڈز بھی بنائیں گے۔ اس کے علاوہ واڑہ سہراں اور بھاگل کے بی ایچ یوز اپ گریڈ کئے جائیں گے۔ چوک اعظم، فتح پور، کوٹ سلطان، 82 موڑ اور دھوری اڈا میں 9 کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے 5 ریسکیو1122 سینٹرز کے قیام کا بھی اعلان کرتا ہوں۔ 20کروڑ روپے کی لاگت سے لیہ شہر کی بیوٹیفکیشن، سٹریٹ لائٹس اور سڑکوں کی کارپیٹنگ وغیرہ کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔  2کروڑ  65لاکھ روپے کی لاگت سے لیہ شہر، کہروڑ لعل عیسن، جمن شاہ اور چوبارہ میں انصاف سپورٹس فیلڈ بنائے جائیں گے۔ گریٹر تھل کینال کا منصوبہ جو 13سال سے زیر التواء  تھا اس منصوبے کو پی ٹی آئی حکومت نے دوبارہ شروع کیا ہے۔ صوبہ پنجا ب کے 5 اضلاع خوشاب، لیہ، بھکر، جھنگ اور مظفرگڑھ کی 17 لاکھ 34 ہزار ایکڑ زمینیں سیراب ہوں گی۔ لیہ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کیلئے 20ایکڑ اراضی مختص کر دی گئی ہے جس پرقرعہ اندازی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔(ZHENFA) ذینفاکے تعاون سے چوبارہ میں 100 میگا واٹ کے سولر پاور پراجیکٹ کا آغاز ہونے جا رہا ہے دسمبر تک اسے مکمل کر لیا جائے گا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام ایک انقلابی اقدام ہے۔ یہاں نہ صرف پہلے سے موجود محکموں کی تعداد کو بڑھایا جا رہا ہے بلکہ ملتان میں نئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے اور بہاولپور میں بھی نئے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا سنگ بنیاد جلد رکھا جا ئے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا ہے کہ پانی کے حوالے سے سندھ حکومت کا کمزور موقف بلا جواز ہے۔ پانی کی قلت کا سامنا پورے ملک کو ہے، اس پر سیاست چمکانا ملکی مفادات کے خلاف ہے۔ پنجاب کو اپنے حصے سے ایک بوند بھی زیادہ پانی نہیں مل رہا۔ وزیراعلیٰ  نے ایک بیان میں کہا کہ سندھ نے پانی کے مسئلے کو سیاسی بنا کر قوم کی کوئی خدمت نہیں کی۔ سندھ کو فصلوں کی بوائی کے دوران تواتر کے ساتھ پانی ملتا رہا۔ اس وقت کوئی شور نہیں مچایا گیا۔ اب پنجاب میں فصلوں کی بوائی ہو رہی ہے تو سندھ کی جانب سے شور مچانا نامناسب بات ہے۔ پانی سیاسی نہیں بلکہ ٹیکنیکل ایشو ہے او ر اس مسئلے کو افہام و تفہیم اور ٹیکنیکل طریقے سے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔ سندھ حکومت کا پانی کے معاملے پر سیاست چمکانا اور بیان بازی کر کے پنجاب پر بے بنیاد الزام لگانے کی مذمت کرتے ہیں۔ پانی کے مسئلے پر سیاست کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس لیہ میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔اراکین اسمبلی نے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے آغاز پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی میرے ساتھی ہیں، ان کے جائز کام ہر صورت ہوں گے۔ کسی کو جائز کاموں کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔

مزیدخبریں