کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ شیخ رشید 2 روزہ پر کراچی پہنچ گئے۔ شیخ رشید امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ وزیر داخلہ نے کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے آج ملاقات ہو گی۔ کسی مشن پر نہیں آیا۔ امن و امان صوبے کا مسئلہ ہے۔ نادرا میں کرپشن اور لوٹ مار جاری ہے۔ رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں میٹنگ ہوئی۔ سندھ میں امن و امان کی صورتحال ابتر ہے۔ پی ٹی آئی میں صرف ایک گروپ ہے اور وہ عمران خان کا ہے۔ عمران خان کے دور میں اتنا بڑا ریکوڈک کیس جیتا گیا۔ سندھ میں گورنر راج نہیں لگ رہا۔ امن و امان کیلئے رینجرز اور دیگر اداروں سے بات کریں گے۔ عمران خان اپنی مدت پوری کریں گے۔ یہاں نادرا نے شناختی کارڈ میں غیر ذمہ داری کی۔ ان کیخلاف ایکشن لیں گے۔ لنک روڈ اور ٹی ایل پی پر کمیٹی بن گئی ہے۔ کراچی سے منشیات کا صفایا میری ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ کے ساتھ سارے سندھ کو صاف کریں گے۔ امن و امان قائم کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی کراچی آمد سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ شکار پور میں صحافیوں سے گفتگو میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں یا سندھ حکومت کے حکام میں سے کسی کو اس سے متعلق کوئی اطلاع نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید دورہ سندھ پر آئے ہیں تو کچے کے علاقے میں بھی جائیں۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کچے کے تمام علاقوں کو خالی کرایا جائے گا۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سندھ رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ ڈی جی رینجرز میجر جنرل افتخار حسین نے شیخ رشید کا استقبال کیا۔ اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کی تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے آیا ہوں۔ رینجرز کا کراچی میں امن و امان کے حوالے سے کردار قابل تعریف ہے۔