بدین (نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے بیانیے کو ہی (ن) لیگ کی پالیسی سمجھیں گے۔ بدین میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول کا کہنا تھاکہ شہباز شریف مسلم لیگ کے صدر اور قائد حزب اختلاف ہیں، شہباز شریف جو کہیں گے، ان کے بیانیے اور مؤقف کو مسلم لیگ (ن) کی پالیسی سمجھیں گے اور اس پرسیاست کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جہاں تک پی ڈی ایم کی بات ہے شوکاز نوٹس کو پھاڑا ہے، پی ڈی ایم سے متعلق میرے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ بلاول کا کہنا تھاکہ ہم نہ مریم نواز شریف کو جواب دہ ہیں نہ میاں صاحب کو، ہم پیپلزپارٹی اور اس کے جیالوں کو جواب دہ ہیں اور جیالوں کے ساتھ ملکر سیاست کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ پانی کے معاملے پر پاکستان میں ناانصافی کی جارہی ہے، زیریں سندھ کے علاقوں کو زراعت کیلئے پانی نہیں مل رہا۔ بھارت پانی کی تقسیم پر ناانصافی کررہا ہے، حکومت بھی زیریں علاقوں سے ناانصافی کررہی ہے۔
شہباز شریف کے بیانیے کو ہی مسلم لیگ ن کی پالیسی سمجھتے ہیں:بلاول
May 27, 2021