لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے آل پاکستان و پنجاب کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے صدر حاجی محمد ارشاد نے وفد کے ہمراہ گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ وفد میں میاں ریاض سینئر نائب صدر پنجاب، ذوالفقار علی بھٹی جنرل سیکرٹری لاہور ڈویژن، ہاشم فرحان یاسر پریس سیکرٹری پنجاب، رانا عدنان اور بشیر احمد سیال شامل تھے۔ وفد نے قائم مقام گورنر پنجاب کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے ایپکا کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ بہت جلد آپ کو خوشخبری ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کلرک ہمارے ملک کا محنتی اور مظلوم طبقہ ہے، ان کو مراعات دینا ہر حکومت کا فرض ہے۔ ایپکا کا مطالبہ ہے کہ فیڈرل حکومت نے 25 فیصد الائونس دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ پنجاب حکومت نے ابھی تک نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، اسی طرح تینوں صوبے ملازمین کو گروپ انشورنس کی سہولت دیتے ہیں مگر پنجاب حکومت ملازمین کی ریٹائرمنٹ کے بعد گروپ انشورنس کی سہولتیں بھی نہیں دے رہی۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی خدا ترس انسان ہیں، ملازمین کے مسائل ہمیشہ یہی حل کرتے ہیں، بطور وزیراعلیٰ پنجاب ہمیں ان کا دور آج بھی یاد ہے۔ قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے مطالبات سننے کے بعد انہیں یقین دلایا کہ آپ کے مطالبات جائز ہیں اور انشاء اللہ جلد آپ کو اس حوالے سے اچھی خبر دی جائے گی۔