حکومت ’’خدمت آپ کی دہلیز پر‘‘  پروگرام شروع کر رہی: فردوس عاشق اعوان 

May 27, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں ترقی و خوشحالی کے نئے سفر میں لیہ کی عوام کو اس کا حق ملا ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لیہ کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی سے جڑا 14 ارب روپے سے زائد کا تاریخی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے  اپنے ایک بیان میں کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یونیورسل ہیلتھ پروگرام، مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال، یونیورسٹی اور گرلز ڈگری کالج کا قیام، کرکٹ سٹیڈیم، گریٹر تھل کینال منصوبہ، دریائے سندھ پر لیہ تونسہ پل، ریسکیو سروس، روڈز، نکاسی و فراہمی آب اور درجنوں منصوبے عوام کے زخموں پر مرحم اور لیہ کی ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے حکومت ’’خدمت آپکی دہلیز پر‘‘ پروگرام شروع کرنے جا رہی ہے جس کا افتتاح وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار جلد کریں گے۔ پروگرام کا پہلا مرحلہ تین ہفتوں پر مشتمل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ’’خدمت آپکی دہلیز پر‘‘ کے نام سے ایپ تیارکی گئی ہے اور شہری اسے پلے سٹور سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں