میرج ہالز کی بندش سے لاکھوں افرادکاروزگارداؤپرہے:صدرلاہورچیمبر

May 27, 2021

لاہور (کامرس رپورٹر) میرج ہالز کی بندش نہ صرف اس انڈسٹری کے لیے بہت بڑا دھچکا ہے بلکہ لاکھوں افراد کا روزگار بھی داؤپر ہے، حکومت فوری طور پر میرج ہالز کو ایس او پیز کے تحت کام کرنے کی اجازت دے۔ ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے کیٹرنگ اینڈ میرج ہالز ایسوسی ایشن کے کنوینر جنید احمد ضیا ء کی سربراہی میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ میاں طارق مصباح نے کہا کہ میرج ہالز نہ صرف ٹیکس فراہمی کا بڑا ذریعہ ہیں بلکہ لاکھوں افراد کا بالواسطہ اور بلاواسطہ روزگار بھی اس سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری، چاول، گوشت، کوکنگ آئل، آٹا، پھلوں، سبزیوں، کراکری، ملبوسات، کاسمیٹکس ، فرنیچر اور جیولری سمیت پچاس سے زائد صنعتیں میرج ہالزسے وابستہ ہیں ، اگر بندش کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ان تمام صنعتوں کو بھاری نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں فوڈ انڈسٹری سے حاصل ہونے والے محاصل کا 20فیصد حصہ میرج ہالز کے آپریشنز سے جڑا ہوا ہے جبکہ میرج ہالز کا جی ڈی پی میں بھی نمایاں حصہ ہے، حکومت کو میرج ہالز بند کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے وگرنہ مجموعی طور پر معیشت کو بھاری نقصان پہنچے گا۔لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر علی حسام اصغر،نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد اور ایگزیکٹو کمیٹی رکن مردان علی زیدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

مزیدخبریں