لاہور ( لیڈی رپورٹر)تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہدہ احمد ملکہ نے کہاہے کہ عالمی محاذ پر پاکستان کو ریکوڈک عملدرآمد کیس میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، اللہ کے فضل و کرم اور محب وطن پاکستانیوں کی دعاؤں سے انصاف کی فتح ہوئی، پی آئی اے کے قیمتی اثاثے محفوظ ہو گئے یہ قوم کی بہت بڑی جیت ہے ، مبارک ہو پاکستانیوں! برٹش ورجن آئی لینڈ ہائی کورٹ نے پی آئی اے کے حق میں فیصلہ دیدیا۔انہوں نے کہاکہ برٹش ورجن آئی لینڈ کی ہائیکورٹ نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے منجمد اثاثے بحال کر دیئے ہیںجو کہ خوش آئندد عمل ہے ،برٹش ورجن آئی لینڈ ہائیکورٹ نے ٹیتھیان کمپنی کی درخواست خارج کرتے ہوئے اسے حکم دیا ہے کہ وہ پاکستان کے قانونی چارہ جوئی کے اخراجات بھی ادا کرے۔انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلے کے بعد روز ویلٹ ہوٹل نیویارک اور سکرائب ہوٹل پیرس میں لگائے ریسیور ہٹا دیئے گئے اور دونوں ہوٹل پی آئی اے کو واپس مل گئے ہیں۔