اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر عماد عبیدابراہیم الزابی نے ملاقات کی جس میں میڈیا تعاون، سیاحت، تجارت اور ماحولیاتی تبدیلی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ گرین ڈپلومیسی ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی نئی راہیں فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان باہمی اعتماد پر مبنی خوشگوار تعلقات سے مستفید ہورہے ہیں متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کے لئے ایک اور گھر کی طرح ہے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کے وسیع امکانات ہیں جن کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر مملکت نے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی صنعت میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لئے یو اے ای کے سفیر الزابی کے فیصل آباد کے دورہ کو سراہا۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے یو اے ای کے سفیر کو آگاہ کیا کہ پاکستان کی زرعی مصنوعات دنیا میں مقبول ہیں ،پاکستانی تاجروں کے ذریعے ان اشیاء کو مشرق وسطی کی مارکیٹس تک رسائی ملنے سے ترقی کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ دونوں فریقین نے دونوں ممالک کی سرکاری نیوز ایجنسز کے مابین تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔اس سے دونوں ممالک کے مابین آزادانہ معلومات کی فراہمی اور ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معیشت ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے ،زیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کو 50 سال مکمل ہونا دونوں برادر ممالک کے لئے ایک سنگ میل ہے ، 50سالہ تعلقات کی تقریبات ملکر منائیں گے۔ انہوں نے ولی عہد شہزادہ ابو ظہبی شیخ محمد بن زید بن سلطان النہیان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔