حافظ آباد:چوردکان کی چھت پھاڑ کر30لاکھ کے تھان لے گئے

May 27, 2021

حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد ضلع میں چوری ، ڈکیتی، راہزنی کی بڑھتی وارداتوں نے عوام کو پریشان کرکے رکھ دیا۔ پولیس بلند بانگ دعووںکے باوجود وارداتوںکو روکنے میں ناکام۔ تفصیلات کے مطابق حافظ آباد ضلع میں گذشتہ روز جلالپور بھٹیاں سے نامعلوم چور ذیشان ولد عاطف شیخ کی دوکان کی چھت پھاڑ کر وہاں سے 30لاکھ سے زائد مالیت کے تھان لے گئے۔ اسی طرح کسوکی با ئی پاس کے قریب تین ڈاکوئوں نے دکاندار ندیم ولد محمد لطیف سکنہ محلہ حسین پورہ سے موٹر سائیکل اور پانچ ہزار چھین لئے۔قبل ازیں گذشتہ رات غلہ منڈی حافظ آباد سے بھی نامعلوم چور تسلیم احمد چدھڑ کی دوکان کے تالے توڑ کر وہاں سے 28لاکھ سے زائد نقدی چرالے گئے جبکہ چندروزقبل نامعلوم ڈاکووں نے کسیسے  کے علاقہ میں موٹر وے پر دوران ڈکیتی مزاحمت پر ٹک شاپ کے مالک کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا ۔ لیکن پولیس تاحال نہ تو ان وارداتوں کے کسی ملزم کو گرفتارکرسکی ہے اور نہ ہی کسی ملزم کا سراغ لگایا جاسکا ۔دوسری طرف  علاقہ گیگے میں کاشتکار شہباز کی فصل گندم شاہد اقبال کاٹ کر لے گیا۔ پولیس نے اسے گرفتار کر کے فروخت کی گئی گندم کی رقم ساڑھے سات لاکھ روپے اصل مالک شہباز کے حوالے کر دی۔

مزیدخبریں