لاہور(نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے کہا کہ لانگ مارچ کو ڈانگ مارچ میں بدلنے والے کو قوم نے مسترد کر دیا۔’’عمرانی سمندر ‘‘ اسلام آباد میں جھاگ کی طرح بیٹھ گیا۔شہید کانسٹیبل کے لواحقین کی آہیں ریجیکٹڈ ٹولے کو لے ڈوبیں۔اپنے ایک بیان میں حسن مرتضی کا کہنا تھا کہ 6دن کی گیدڑ بھبھکی دینے والا قوم کے سامنے ایکسپوز ہو گیا، کٹھ پتلی 20لاکھ کے بعد 30لاکھ کی گھسی پٹی فلم کے ساتھ آنے کی دھمکی دے رہا ہے۔ایسے تو کوئی کلرک بھی مطالبے نہیں کرتا جیسے یہ کر رہا ہے۔جون میں گرمیوں کی چھٹیاں ہیں،بہتر ہے اپنے بچوں کے پاس لندن چلے جاؤ،تمھیں الیکشن کی تاریخ ملے گی نہ کہیں چھپنے کی جگہ،اتحادی حکومت ملک و قوم کے مفاد میں بہترین فیصلے کرے گی۔