`لاہور(اپنے نامہ نگار سے) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کی جانب سے ٹیکس و مالیاتی مقدمات کو فاسٹ ٹریک پالیسی کے تحت جلد فیصلوں کی ہدایت پر تیزی سے عملدر آمد جاری ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے تشکیل دیئے گئے مختلف سنگل اور ڈویژن بنچز نے گزشتہ اڑھائی مہینے کے دوران 2 ہزار35 مقدمات نمٹائے ہیں۔ فاضل چیف جسٹس نے اعادہ کیا کہ 170 ارب روپے سے زائد کے مالی معاملات کو حل کرنا ایک تاریخی موقع ہے۔ بلاشبہ اس کی بدولت سرمایہ کاروں کے اعتمادمیں مزید اضافہ ہو گا۔ فاضل چیف جسٹس نے متذکرہ مقدمات کے جلدفیصلے کرنے والے جج صاحبان جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس شاہد جمیل خان، جسٹس شاہد کریم، جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس عاصم حفیظ اور معاونت کرنے پر وکلاء اور متعلقہ محکمہ جات کے کردار کو بھی سراہا۔