ٹھگوں کا 90 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھیننا قابل مذمت: شاہ محمود

May 27, 2022


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا تحریک انصاف نے 90 لاکھ سے زائد اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جو آج چوروں اور ٹھگوں کے اس ٹولے نے اس حق کو چھین لیا ہے۔ سینٹرل میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو حق رائے دہی سے محروم کر دیا گیا ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے استعمال پر بھی پابندی لگا دی گئی۔ یہ فاشسٹ حکومت میں ایک اور قابل مذمت فعل ہے۔ امپورٹڈ حکمرانوں کا نیب کے شکنجے سے بچنے کیلئے اقتدار میں آنے والوں کا اصل ایجنڈا سامنے آگیا۔ انہوں نے سب سے پہلے ای سی ایل سے اپنے نام نکلوائے۔ مسلم لیگ ن اور  پیپلز پارٹی نیب کو بالکل بے معنی کرنا چاہتے ہیں۔ نیب مقدمات ہم نے نہیں بنوائے ن لیگ اور پی پی نے ایک دوسرے کے خلاف بنائے۔ پی ٹی آئی کے پونے چار سال میں آٹے میں نمک کے برابر بھی مقدمات نہیں بنے۔ ان کے نزدیک بیرون ملک پاکستانیوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ پی ٹی آئی حکومت جوڈیشل کمشن کی سفارشات پر دھاندلی، ووٹ چوری اور انتخابی نتائج میں شفافیت کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین لائی تھی۔

مزیدخبریں